ڈاکٹروں نے ایک 42 سالہ مریض کی آنکھ کے نیچے اُگا دانت کامیابی سے نکال دیا۔ یہ نایاب سرجری 11 اگست کو پٹنہ (انڈیا) کے اندرا گاندھی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ہوئی۔ ماہرین نے اسے اپنی نوعیت کا غیر معمولی کیس قرار دیا ہے۔
مریض کا تعلق بہار کے ضلع سیوان سے ہے۔ انہیں کئی ماہ سے آنکھ میں دھندلے پن، سر درد اور چہرے پر سوجن کی شکایت تھی۔ سکین سے معلوم ہوا کہ آنکھ کے ساکٹ کے نیچے ایک اضافی دانت اُگا ہوا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریض کے جسم نے اس دانت کے گرد سسٹ بنا لیا تھا۔ چہرے کی سوجن اور ہڈی کے نقصان کا سبب یہی دانت تھا۔ آپریشن کے دوران ماہرین نے دانت کو منہ کے اندر سے نکالا تاکہ آنکھ اور اس کے ارد گرد اعصاب محفوظ رہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ نازک سرجری تھی کیونکہ آنکھ کے نیچے حساس اعصاب موجود ہوتے ہیں۔ مریض کی بینائی متاثر نہیں ہوئی اور وہ اب صحت یاب ہے۔ اس نایاب سرجری کو طبی تحقیق کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔