یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پیار ی بیٹی کے نام سے پورٹل اور ہیلپ لائن کا آغاز کیا ہے۔ اس کا مقصد نو عمر لڑکیوں کو بلوغت اور تولیدی صحت سے متعلق راہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس سے لڑکیوں کو بلوغت کے دوران پیش آنے والے جسمانی، جذباتی اور نفسیاتی مسائل سے نپٹنے میں مدد ملے گی۔
پورٹل کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ایک سیمینار میں کیا۔ سیمینار کا عنوان "اعتماد کے ساتھ زندگی: لڑکیوں کے لیے گائیڈ” تھا۔ اس میں 9 سے 15 سال کی عمر کی 100 سے زائد یتیم لڑکیوں نے شرکت کی۔ یہ بچیاں دارالشفقت، کاشانہ اور ایس او ایس ویلیج سے آئی تھیں۔ پروگرام کی مہمان خصوصی پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی سیکریٹری رشدہ لودھی تھیں۔
پروفیسر راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ حساس موضوعات پر بات کرنا ضروری ہے۔ اس سے لڑکیاں کسی خوف یا جھجک کے بغیر راہنمائی لے سکیں گی۔ یہ اقدام لڑکیوں کو اعتماد اور وقار کے ساتھ جینے کا حوصلہ دے گا۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم نے پورٹل کو ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ صحت اور بلوغت سے متعلق غلط مفروضات کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پروفیسر عالیہ بشیر نے بلوغت کے دوران ہونے والی تبدیلیوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوغت کا آغاز ایک نازک مرحلہ ہوتا ہے جس میں رہنمائی بہت ضروری ہے۔ پیار ی بیٹی پورٹل یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ لڑکیاں ہیلپ لائن (99232088-042) کے ذریعے ماہرین سے مشورہ کر سکتی ہیں۔