وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں عالمی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو برقرار رکھنا ہے۔ وہ صحت اور دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کو اس شعبے میں جاری اصلاحات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ملک میں تیار ہونے والی ادویات کے اندراج کے لیے ڈیجیٹل نظام پر عملدرآمد آخری مراحل میں ہے۔
شہباز شریف نے تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے دواؤں کی برآمدات بڑھانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق اسلام آباد میں عالمی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری اس ضمن میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے ڈریپ میں اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔