حمل کے دوران کولہوں اور کمر کے نچلے حصے کے جوڑوں پر دباؤ ایک عام مسئلہ ہے۔ طبی اصطلاح میں اسے پیلوک گرڈل پین (پی جی پی) کہا جاتا ہے۔ یہ درد حاملہ خواتین کی روزمرہ سرگرمیوں اور چلنے پھرنے کی صلاحیت متاثر کرتا ہے۔ ایک برطانوی تحقیق کے مطابق، ہر پانچ میں سے ایک خاتون شدید نچلے جسمانی درد کا شکار ہوتی ہے۔ انٹرنیشنل سٹڈیز میں اس درد کی شرح 23 فیصد سے 65 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس درد کی بنیادی وجوہات ہارمونل تبدیلیاں، کولہوں اور کمر کے جوڑوں میں توازن کی کمی اور پٹھوں پر اضافی دباؤ ہیں۔ شدید نچلے جسمانی درد کی وجہ سے بعض خواتین میں چلنا پھرنا دوبھر ہو جاتا ہے۔ شدید صورتوں میں 7 سے 12 فیصد خواتین بیساکھی یا وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ علاج میں تاخیر نچلے جسمانی درد کو مہینوں یا برسوں تک بڑھا سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت معائنہ، فزیوتھراپی اور مناسب رہنمائی صورت حال میں نمایاں بہتری لا سکتی ہے۔