تمباکو نوشی سے ہونے والی سالانہ اموات جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ جنوبی ایشیا میں تمباکو نوشی سے اموات میں پاکستان سرفہرست ہے۔ یہ بات گیلپ پاکستان کی 2024 کی گلوبل برڈن آف ڈیزیز رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سے ہونے والی سالانہ اموات کی شرح 100,000 افراد میں 91.1 ہے۔ یہ شرح جنوبی ایشیا (78.1) اور دنیا بھر (72.6) کے اوسط سے خاصی زیادہ ہے۔
گیلپ پاکستان کے مطابق 1990 سے 2021 کے دوران پاکستان میں تمباکو نوشی سے متعلق اموات کی شرح میں 35 فیصد کمی آئی۔ یہ کمی بھارت (37 فیصد)، جنوبی ایشیا (38 فیصد) اور عالمی اوسط (42 فیصد) سے کم ہے۔ ادارے کے سروے کے مطابق 80 فیصد سگریٹ نوشوں نے تمباکو نوشی ترک کرنے کی خواہش ظاہر کی۔