عالمی ادارہ صحت (WHO) نے صحت عامہ کے ایک مسئلے کی حیثیت سے ٹریکوما کے خاتمے پر پاکستان کو سند اعزاز سے نوازا ہے۔ سند اعزاز 78ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر پاکستانی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کو جنیوا میں پیش کی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پاکستان کے پبلک ہیلتھ سسٹم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
ورلڈ ہیلتھ اسمبلی اس وقت جنیوا میں جاری ہے۔ اس میں وبائی امراض سے نپٹنے کی تیاری، یونیورسل ہیلتھ کوریج، اور غیر متعدی بیماریوں کی بڑھتی ہوئی شرح پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ نگہداشت صحت کے شعبے میں پیش رفت اور چیلنجز کے موضوع پر اہم خطاب کریں گے۔ اس میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکمت عملی پر گفتگو بطور خاص شامل ہو گی۔
ٹریکوما آنکھ کی ایک بیکٹیریل بیماری ہے۔ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو یہ بینائی کے مستقل نقصان کا سبب بنتی ہے۔ ٹریکوما کے خاتمے میں کامیابی مربوط پروگرامز، کمیونٹی کی شمولیت اور بین الاقوامی تعاون کی مدد سے حاصل ہوئی ہے۔