ڈیسوریا (Dysuria) سے مراد پیشاب میں جلن اور درد کی کیفیت ہے۔ یہ جلن عموماً اس نالی میں محسوس ہوتی ہے جو پیشاب کو مثانے سے باہر لے جاتی ہے۔ بعض اوقات یہ جنسی اعضاء کے ارد گرد بھی محسوس ہو سکتی ہے۔ اگر حاملہ خواتین میں یہ کیفیت برقرار رہے اور اس کے ساتھ دیگر علامات بھی ظاہر ہوں تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
وجوہات
خواتین میں پیشاب میں جلن کی سب سے عام وجہ یورینری ٹریکٹ انفیکشن ہوتی ہے۔ مردوں میں یہ زیادہ تر یوریتھرائٹس یا پروسٹیٹ کے مسائل کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس کی دیگر عام وجوہات جنسی تعلقات سے پھیلنے والی بیماریاں، اور مثانے اور گردے کی پتھریاں ہیں۔ اس کے علاوہ صابن، خوشبو یا ذاتی نگہداشت کی مصنوعات بھی جلن پیدا کر سکتی ہیں۔
انفیکشن
ان کیفیات یا عوامل کی تفصیل یہ ہے:
٭ سرویسائٹس (Cervicitis): رحم مادر (سروکس) کی سوزش
٭ کلیمائیڈیا ٹریکومٹیس (Chlamydia trachomatis): جنسی طور پر منتقل ہونے والے بیکٹیریا کا پید اکردہ انفیکشن
٭ سسٹائٹس (Cystitis): مثانے کی سوزش جو عموماً بیکٹیریل انفیکشن سے ہوتی ہے
٭ جنسی اعضا میں ہیرپس (Genital Herpes): ایک وائرل انفیکشن جو جنسی اعضا پر چھالے یا زخم پیدا کرتا ہے
٭ گونوریا (Gonorrhea): جنسی طور پر منتقل ہونے والا بیکٹیریل انفیکشن
٭ انٹرسٹیٹیئل سسٹائٹس (Interstitial Cystitis): یہ مثانے میں طویل مدتی جلن کا سبب بنتی ہے۔ اسے درد انگیز بلیڈر سنڈروم بھی کہا جاتا ہے۔
٭ گردے کا انفیکشن (Pyelonephritis): گردوں میں بیکٹیریا کی موجودگی سے پیدا ہونے والا انفیکشن
٭ پروسٹیٹائٹس (Prostatitis): پروسٹیٹ غدود کی سوزش یا انفیکشن
٭ ری ایکٹیو آرتھرائٹس (Reactive Arthritis): جوڑوں کا ایک مرض جو پیشاب کی نالی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
٭ یوریتھرائٹس (Urethritis): پیشاب کی نالی کا انفیکشن یا سوزش
٭ یورینری ٹریکٹ انفیکشن (UTI): مثانے، نالی یا گردوں کا بیکٹیریل انفیکشن
٭ وجائنائٹس (Vaginitis): وجائنا کی سوزش یا انفیکشن
٭ ییسٹ انفیکشن (Vaginal): وجائنا میں پیدا ہونے والا فنگل انفیکشن
٭ جنسی تعلقات سے پھیلنے والی بیماریاں
دیگر وجوہات
٭ یورینری ٹریکٹ کے حالیہ پروسیجرز یا ٹیسٹ: مثانے یا پیشاب کی نالی پر کیے جانے والے پروسیجرز
٭ مثانے کی پتھری: مثانے میں بننے والے ٹھوس ذرات
٭ گردے کی پتھری: گردوں میں معدنیات کے جمع ہونے سے بننے والے سخت ذرات
٭ کچھ ادویات: خاص طور پر کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائیں
٭ صابن، خوشبو اور دیگر ذاتی نگہداشت کی مصنوعات: ان میں موجود کیمیکلز بعض اوقات جلد یا پیشاب کی نالی میں جلن پیدا کرتے ہیں۔
٭ یوریتھرا کا تنگ ہونا (Urethral Stricture): پیشاب کی نالی کا سکڑ جانا
ڈاکٹر سے رابطہ
ڈاکٹر سے رجوع کریں اگر:
٭ پیشاب میں جلن ختم نہ ہو
٭ عضو تناسل یا وجائنا سے کسی قسم کا سیال مادہ نکلے
٭پیشاب میں بدبو، دھندلا پن یا خون ہو
٭ بخار ہو
٭ کمر کے نچلے یا پہلو والے حصے میں درد (فلینک درد) ہو
٭ گردے یا مثانے سے پتھری نکلے
حاملہ خواتین کو چاہیے کہ پیشاب کے دوران ہونے والی کسی بھی جلن یا درد کے بارے میں اپنی ڈاکٹر کو ضرور بتائیں۔ پیشاب کی نالی میں جلن کا علاج اس کے پس پردہ وجہ یا مرض کے مطابق کیا جاتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔