پاکستان میں میڈیکل ریسرچ پر ایک نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کلینیکل ٹرائلز میں چیلنجز پر کراچی میں دو روزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کا انعقاد آغا خان یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز نے مشترکہ طور پر کیا۔
پاکستان کلینیکل ٹرائلز سمٹ 2025 کے عنوان سے کانفرنس آغا خان یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ اس میں کلیدی خطابات اور پینل مباحثے شامل تھے۔ جدید رجحانات، قواعد و ضوابط، تحقیق میں جدت، اور کمیونٹی کی شمولیت نمایاں موضوعات تھے۔ ریسرچ میں اخلاقی پہلو، نایاب بیماریوں کے علاج اور مریضوں پر مرکوز کلینیکل ٹرائل ڈیزائن جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔
آغا خان یونیورسٹی کے کلینیکل ٹرائلز یونٹ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر سعید حامد نے کلینیکل ٹرائلز میں چیلنجز پر کانفرنس کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے بقول ٹرائلز میں شرکت مریضوں کے لیے مفید ہے۔ وہ ان کے ذریعے جدید ترین علاج تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس ڈیلٹا جیسی بیماریوں میں یہ بہت اہم ہے، اس لیے کہ ان کا فی الحال کوئی منظور شدہ علاج موجود نہیں۔