موٹاپے کو عموماً اچھا نہ لگنے کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔ تاہم بنیادی طور پر اس کا تعلق صحت سے ہے۔ ٹین ایجرز میں موٹاپا کئی اسباب سے ہوتا ہے۔ تاہم ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بچپن کے ذہنی مسائل اس کا ایک اہم سبب ہیں۔ تحقیق یونیورسٹی آف لیورپول اور مے نُوتھ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی طرف سے کی گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق 11 برس کی عمر میں بہتر ذہنی صحت سے نوجوانی میں موٹاپے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ ”اوبیسٹی” نامی جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں 8000 سے زائد نوجوانوں پر سٹڈی کی گئی۔ ان میں 11 برس کے 4556 اور 14 برس کے 3791 زائد وزن کے بچے شامل تھے۔
نفسیاتی بہبود کی درجہ بندی مختلف عوامل کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئی۔ ان میں ان کی خود اعتمادی، زندگی میں خوشی، افسردگی کی علامات، سماجی سپورٹ، ظاہری شکل سے اطمینان اور آن لائن مسائل کو بنیاد بنایا گیا۔
نتائج کے مطابق ان ٹین ایجرز میں موٹاپا کم پایا گیا جنہیں بچپن میں بہتر ماحول ملا۔ اس کے برعکس زیادہ وزن والے اکثر نوجوانوں کو بچپن میں مختلف نفسیاتی مسائل کا سامنا رہا۔