مصر کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی کی ادویات پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے یہ ادویات اس مرض کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کے پروگرام کو عطیہ کی گئیں۔ اس موقع پر وزارت صحت میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مصری نائب سفیر البدوی اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر ڈاپینگ لُو نے شرکت کی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مصر نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان بھی انہی تجربات سے راہنمائی حاصل کر رہا ہے۔ حکومت اس ضمن میں قومی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ مصر کی جانب سے فراہم کردہ ہیپاٹائٹس سی کی ادویات علاج میں اہم کردار ادا کریں گی۔
وفاقی وزیرِ صحت نے مصری حکومت کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سے مصر کی یہ یکجہتی قابلِ تحسین ہے۔ مصری نائب سفیر نے کہا کہ یہ امداد صرف عطیہ نہیں بلکہ دوستی کی علامت ہے۔