ماہرین صحت کے مطابق گھر کے اندر استعمال کے جوتے الگ ہونے چاہئیں۔ ان کا مشورہ ہے کہ بیرونی جوتے باہر رکھیں۔ انہیں گھر کے اندر لانا بہت سے طبی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ ان کے ساتھ نقصان دہ مادے بھی گھر میں داخل ہو سکتے ہیں۔ ان میں خطرناک بیکٹیریا، زہریلے کیمیکلز، مٹی، کیڑے اور الرجی پیدا کرنے والے مادے نمایاں ہیں۔ یہ انسانوں خصوصاً بچوں اور پالتو جانوروں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ایریزونا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق 96 فیصد جوتوں میں کولیفارم بیکٹیریا پائے گئے۔ یہ آلودہ پانی یا مٹی سے آ سکتے ہیں۔ 27 فیصد جوتوں میں ای کولی جیسے خطرناک جراثیم موجود تھے۔ اس کے علاوہ جوتے کلوسٹریڈیم ڈیفیسائل، ایم آر ایس اے اور سیسے (لیڈ) جیسے زہریلے مواد کو بھی گھر میں لا سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف ایک آسان عادت، یعنی گھر میں داخل ہوتے ہی جوتے اتارنے سے ان خطرات سے بچا جا سکتا ہے۔ یہ عمل صفائی اور صحت کے لیے نہایت مؤثر حفاظتی قدم ہے۔ اس لیے بیرونی جوتے باہر رکھیں تاکہ گھر صاف اور آپ صحت مند رہیں۔