آج کے دور میں زندگی بہت تیز رفتار ہو گئی ہے۔ وقت کم اور مقابلہ سخت کی فضا میں مسلسل مصروف رہنے کو سراہا جاتا ہے۔ اس سے آگے بڑھ کر اب تو ایک وقت میں کئی کام کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ایسے میں آرام کے لیے وقت نکالنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ تاہم آرام بھی کام جتنا ہی ضروری ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ہفتے میں ایک دن کی کاہلی جسمانی اور ذہنی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔
ییل یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ ہمیں ہفتہ وار شیڈول میں آرام کے لیے باقاعدہ طور پر وقت مختص کرنا چاہیے۔ یہ ذہنی دباؤ کم کرتا اور بلڈپریشر کو معمول پر لاتا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق ہر چیز میں توازن ضروری ہے۔ اگر آپ زیادہ وقت آرام میں صرف کرتے ہیں اور ورزش، سماجی میل جول کو نظر انداز کرتے ہیں تو یہ مناسب نہیں۔
اچھی کتاب پڑھنا، پسندیدہ شو دیکھنا یا محض آرام کرنا ذہنی صحت کے لیے ضروری ہیں۔ ماہرین نفسیات کے مطابق اس سے دماغ میں ڈوپامین خارج ہوتا ہے۔ اس کا تعلق پرسکون رہنے اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ بھی ہے۔ آرام کرنے سے پٹھوں کے کھچاؤ میں کمی آتی ہے۔ بے چینی اور دیگر ذہنی مسائل کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ ہفتے میں ایک دن کی کاہلی وقت کا زیاں نہیں۔ یہ آپ کو نئی توانائی فراہم کرے گی۔