خیبر پختونخوا میں موسمی انفلوئنزا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر تمام ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تازہ الرٹ این آئی ایچ اسلام آباد کی سفارشات کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ اس میں ہسپتالوں کو خصوصی وارڈز قائم کرنے، اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق نومبر سے اپریل کے درمیان انفلوئنزا کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ بعض اوقات مریضوں کی حالت شدید بگڑ جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے تمام ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلو کے مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات کریں۔ ہائی رسک گروپس حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور ویکسین لازمی لگوائیں۔ ان میں 65 سال سے زائد اور پانچ سال سے کم عمر کے بچے، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں کے مریض شامل ہیں۔
انفلوئنزا چھینک، کھانسی یا اس سے متاثرہ سطحوں کے ذریعے باآسانی پھیل سکتا ہے۔ عوام کو صفائی، سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔