جے پی ایم سی کے شعبۂ امراضِ معدہ و جگر کو 29 سال بعد ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جناح ہسپتال کراچی میں پہلی بار ای آر سی پی 1996 میں ہوا تھا۔ اس کے بعد اسے اب انجام دیا گیا ہے۔ آپریشن 50 سالہ مریض کا ہوا جسے 30 منٹ میں کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ اسے ڈاکٹر عادل حسن نے انجام دیا۔ ان کے مطابق پروسیجر مفت کیا گیا ہے۔
ای آر سی پی (Endoscopic Retrograde Cholangiopancreatography) ایک اینڈو سکوپک عمل ہے۔ یہ جگر، پتے، پتے کی نالیوں اور لبلبے کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس میں لچکدار نلکی نما آلہ (اینڈوسکوپ) مریض کے منہ سے معدے اور چھوٹی آنت تک پہنچایا جاتا ہے۔ ایک خاص رنگ (dye) کی مدد سے ایکس رے تصاویر لی جاتی ہیں۔ ان سے پتے کی نالیوں اور لبلبے کی ساخت اور ممکنہ رکاوٹیں ظاہر ہوتی ہیں۔ یہ طریقہ پتھری، نالیوں کی بندش اور کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
جناح ہسپتال کے ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر عادل کے مطابق یہ کامیابی معروف گیسٹرو انٹرولوجسٹ ڈاکٹر ضیاء غنی عباس کے قائم کردہ معیار کو آگے بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے۔ اس کامیابی کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔