وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب آدمی کے پاس وسائل نہیں۔ شبانہ روز محنت کرنے کے باوجود وہ علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا۔ حکومت مستحق مریضوں کو صحت کی سہولیات مفت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ وہ اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پرنس رحیم آغا خان کے صاحبزادے نے اس میں تکنیکی معاونت دی ہے۔ امریکہ میں ان کے ان کنسلٹنٹس سے میٹنگ ہوئی جنہوں نے آغا خان ہسپتال بنایا۔ پرنس رحیم آغا خان پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہے۔ آغا خان فاؤنڈیشن نے کنسلٹنسی بالکل مفت دی ہے۔ ہسپتال کے لیے 600 کنال اراضی مختص کی گئی ہے
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس ایک اہم سنگ میل ہے۔ تکمیل کے بعد یہ خطے کے بہترین ہسپتالوں میں سے ایک ہو گا۔ یہاں مستحق افراد کوعلاج کی سہولت 100 فیصد مفت ملے گی۔ ہسپتال نہ صرف راولپنڈی اسلام آباد بلکہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی ایک تحفہ ہے۔