پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ( پی بی ایس) کے مطابق جنوری میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے، تاہم طبی اخراجات اب بھی زیادہ ہیں۔ میڈیکل ٹیسٹوں کی قیمت میں 5.36 فیصد، کلینک فیسوں میں 4.28 فیصد ، اور ڈینٹل سروسز میں 2.22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جنوری میں ہسپتالوں کے چارجز میں 0.36 فیصد اور ادویات کی قیمتوں میں 0.52 فیصد اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر اس ماہ صحت کے اخراجات 1.27 فیصد بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق جنوری میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد تک کم ہوئی۔ یہ گزشتہ نو سال کے دوران مہنگائی کی کم ترین سطح ہے۔ تاہم اس کمی کا اثر صحت کے اخراجات پر نہیں پڑا۔ اس کے برعکس اس میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سے عوام کی جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان میں غربت اور مہنگائی کی وجہ سے بہت سے لوگ بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہو رہے ہیں۔ ان میں خاص طور پر بچے اور بزرگ شامل ہیں۔