ایک نئی تحقیق کے مطابق ہارمونز سے جھریوں اور سفید بالوں کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق جلد پر بڑھاپے کے اثرات روکنے کے لیے ابھی تک صرف چند ہارمونز ہی استعمال کیے گئے ہیں۔ ان میں ریٹنول، ٹریٹینائن اور ایسٹروجن نمایاں ہیں۔ نئی تحقیق میں مزید ہارمونز کے اینٹی ایجنگ فوائد سامنے آئے ہیں۔
ماہرین نے جلد کی عمر بڑھنے پر اثر ڈالنے والے ہارمونز کا جائزہ لیا۔ ان میں انسولین لائیک گروتھ فیکٹر 1، گروتھ ہارمون، ایسٹروجن، ریٹینوئڈز اور میلاٹونن شامل ہیں۔ تحقیق کے مطابق کچھ ہارمونز جلد کے خلیوں کو خراب ہونے سے بچاتے ہیں۔ یہ ہارمونز جھریاں بننے سے روکتے اور سفید بالوں کی رفتار کم کر سکتے ہیں۔
میلاٹونن سستا، محفوظ اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات والا ہارمون ہے۔ یہ جلد اور بالوں کی عمر بڑھنے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ تحقیق میں آکسیٹوسن، اینڈوکانابینوئڈز اور پی پی اے آر موڈیولیٹرز جیسے نئے ہارمونز کے مثبت اثرات بھی سامنے آئے ہیں۔
محققین کے مطابق ہارمونز سے جھریوں کے علاج کے لیے نئی ادویات تیار کی جا سکیں گی۔ یہ تحقیق اینڈوکرائن سوسائٹی کے جریدے”اینڈو کرائن ریوویوز” میں شائع ہوئی ہے۔