Vinkmag ad

صحت مند حمل‘ چند اہم اقدامات

صحت مند حمل‘ چند اہم اقدامات

غذا پر خصوصی توجہ

حمل کے دوران خاص قسم کے کھانوں سے پرہیز کریں مثلاً نرم پنیر کی کچھ اقسام ‘آدھ پکاہوا گوشت یا حفظان صحت کو مدنظر نہ رکھ کر بنائے گئے کھانے یا یہ تمام چیزیں آپ کی اور آپ کے ہونے والے بچے کی صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔اسی طرح تلی ہوئی‘مرغن اور مصالحے دار غذائیں معدے میں خرابی ‘سینے کی جلن اور تیزابیت کا بھی باعث بن سکتی ہیں۔

فولک ایسڈ کا استعمال

 ڈاکٹر کے مشورے سے فولک ایسڈ کا استعمال کریں۔ اس سے حاملہ خواتین دوران حمل بہت سی پیچیدگیوں سے محفوظ رہتی ہیں اور خون کی کمی دورکرنے میں مدد بھی ملتی ہے۔

اپنی صحت کا خیال اور بھرپورنیند

حمل کے دوران ایسے سخت کام نہ کریں جس سے بھرپور تھکاوٹ کا احساس ہو۔ اسی طرح دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی دیر کے لئے سونا بہتر ہے۔رات کو بھرپور نیند لیں اور اگر نیند صحیح نہیں آتی تو فوراً اپنے معالج سے مشورہ کریں۔

باقاعدہ ورزش

ورزش کے ذریعے آپ وہ طاقت حاصل کرسکتی ہیں جس سے آپ حمل کے دوران بڑھنے والے جسم کابوجھ اٹھا سکیںاور وضع حمل کے مرحلے میں مشکلات کو آسانی سے برداشت کر سکیں۔تمام ورزشیں اپنے معالج کے مشورے سے کریں۔

کیفین کی مقدار میں کمی

کافی‘چائے‘یا کولا مشروبات میں کیفین کی مخصوص مقدار پائی جاتی ہے اس سے جسم کی آئرن جذب کرنے کی صلاحیت پر اثرپڑتا ہے۔ اس لئے کیفین والی اشیاء کا استعمال کم کرکے پھلوں اور دودھ کا استعمال زیادہ کریں۔

معالج سے مسلسل رابطہ

حمل کے دوران اچھی دیکھ بھال آپ کے بچے کی صحت کے لئے بہت ضروری ہے ۔اس کے لئے آپ اپنے معالج کے پاس وقتاً فوقتاً چکر لگاتی رہیں اور اُس کے مشورے کے مطابق اقدامات کریں۔

مثبت طرززندگی

مثبت اندازفکر انسانی ذہن اور جسم پر ایک خوشگوار اثر ڈالتا ہے۔ چنانچہ اس عرصے میں خودکو صحت مندانہ سرگرمیوں میںمصروف رکھیں تاکہ آپ حمل کے دوران جسمانی اور ذہنی بیماریوں سے بھی بچی رہیں۔

مسوڑھوں کی سوجن اور خون

حمل کے دوران عمومی شکایت میں سے ایک مسوڑھوں کی سوجن اور دانتوں سے خون آنے کی بھی ہے ۔عام طور پر کمزور صحت کی حامل خواتین کے دانت دوران حمل درد کرتے ہیں اور مزید کمزور ہوجاتے ہیں ۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حمل کے ایام میں کیلشیم بچے کی پرورش میں استعمال ہورہاہوتاہے۔ اس لئے آپ اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے کیلشیم کا استعمال بڑھاسکتی ہیں۔

زچگی کے بعد ذہنی مسائل

زچگی کے بعدجسم میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے باعث بعض خواتین کے مزاج میںچڑچڑاپن پیداہوجاتا ہے ۔ وہ حددرجہ حساس اور جذباتی ہوجاتی ہیں اور کھانا بھی رغبت سے نہیں کھاتیں ۔ان سب علامات کونفسیات کی اصطلاح میں ’’میٹرنٹی بلیوز‘‘ کہتے ہیں۔ اگر ان کا دورانیہ تین ہفتوں سے زائد ہوجائے توکسی ماہر نفسیات سے رابطہ کریں۔

pregnancy, emotional health

Vinkmag ad

Read Previous

ذیابیطس کے ساتھ جئیں بہتر زندگی

Read Next

جھگڑیں والدین‘ بھگتیں بچے

Leave a Reply

Most Popular