میڈیکل کالجز میں داخلوں کےلیے امتحانات میں بے ضابطگیوں کا سلسلہ ختم نہ ہو سکا۔ ایسے میں وزارت صحت نے پی ایم ڈی سی کو ایم ڈی کیٹ ختم کرنےکی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار کے مطابق طاقتور مافیا برسوں سے ایم ڈی کیٹ امتحان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ امتحان کی تیاری کرانے والی اکیڈمیاں اربوں روپے کا بزنس کرتی ہیں۔ وہ ایم ڈی کیٹ پر اثر انداز بھی ہوتی ہیں۔ انہوں نے ایم ڈی کیٹ کی جگہ بین الاقوامی طرز کا آئی ٹی پر مبنی نظام لانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اس کا اطلاق اگلے برس سے ہو گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے بھی ضابطگیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے چیئرمین عامر چشتی نے ایم ڈی کیٹ ختم کر کے امریکی ایس اے ٹی یا کیمبرج طرز کا آن لائن نظام متعارف کرانے پر زور دیا۔
ڈاکٹر مختار کے مطابق اس دفعہ ایم ڈی کیٹ پیپر لیک ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔