برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ گھریلو ٹیسٹنگ کٹس پر مکمل اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ یہ گمراہ کن نتائج دے سکتی ہیں جس سے مریض غلط طبی فیصلے کر سکتے ہیں۔
تحقیق 2023 میں یونیورسٹی آف برمنگھم کے ماہرین نے کی۔ اس میں 30 گھریلو ٹیسٹنگ کٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ان کی قیمتیں 1.89 سے 39.99 برطانوی پاؤنڈ کے درمیان تھیں۔ یہ عام دکانوں کے ساتھ ساتھ آن لائن بھی دستیاب تھیں۔ ان کا استعمال آنتوں کے کینسر، تھائیرائیڈ، وٹامن کی کمی، مینوپاز اور ایچ آئی وی کے لیے کیا جا رہا تھا۔
ماہرین نے پایا کہ صرف 14 کٹس نے درستگی سے متعلق واضح معلومات فراہم کیں۔ باقیوں میں یہ وضاحت موجود نہیں تھی کہ نتیجہ مثبت ہو یا منفی، مریض کو کیا کرنا چاہیے۔ کئی کٹس نے ہر صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ ماہرین کے مطابق اس سے نیشنل ہیلتھ سروس پر غیر ضروری بوجھ پڑ سکتا ہے۔ بعض کٹس نے 98 فیصد درستگی کا دعویٰ کیا، تاہم تحقیق میں ان کے حق میں سائنسی شواہد نہیں ملے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صرف سی ای (یورپی معیار) یا یو کے سی اے (برطانوی معیار) کے نشان والی کٹس استعمال کریں۔