وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں سرکاری شعبے میں پہلے کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر سرکاری شعبے میں سب سے بڑا کینسر ہسپتال ہو گا۔ اس میں سٹیج 3 اور 4 کے مریضوں کا بھی مفت علاج کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے سامنے اٹینڈنٹس کے لیے ہوٹل بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
915 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر دو مراحل میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر، کینسر کیئر کلینک، ڈاکٹرز کی رہائش اور ایک مسجد تعمیر کی جائے گی۔ پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 300 بستروں کی نئی عمارت اور ایک پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا۔
ہسپتال میں بچوں کے علاج، آنکالوجی، آپریشن تھیٹر، 10 ریڈی ایشن تھیراپی بنکر، آئی سی یو، اور 30 بستر کا ایمرجنسی وارڈ شامل ہوگا۔ اٹینڈنٹس کے لیے ایک انتظار گاہ اور 24 بستروں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ سرکاری شعبے میں پہلے کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد خوش آئند اقدام ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق اس سے مریضوں کے کم قیمت علاج میں نمایاں مدد ملے گی۔