اچھی نیند حاصل کرنے کے چند اصول
نیند ہماری زندگی کانہایت اہم جزو ہے۔ ہم زندگی کا تقریباًایک تہائی یا اس سے بھی زیادہ حصہ نیند میں گزارتے ہیں۔ بچہ جب دنیا میں آتا ہے تو وہ دن میں اوسطاً16سے 17گھنٹے سوتا ہے۔ بچپن اور جوانی میں بھی نیند زیادہ ہوتی ہے تاہم عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں قدرے کمی واقع ہوجاتی ہے۔وہ پہلے کی طرح زیادہ گہری اور طویل نہیں رہتی اوربڑی عمر تک پہنچتے پہنچتے بہت ہی کم رہ جاتی ہے۔ جوانی میں ہم اس کو نظر انداز کرتے ہیں اور بڑھاپے میں یہ ہم سے روٹھ جاتی ہے۔ پھر اسے منانا خاصا مشکل ہو جاتا ہے۔
اچھی نیند کے اصول
جب تک آپ پر نیندکا غلبہ نہ آجائے بستر کی راہ نہ لیں۔
اگر نیند نہ آرہی ہو تو بستر کو چھوڑدیں۔
دن کے دوران نیند کے لمبے دورانیے سے پرہیز کریں۔
رات کو سونے کے وقت کی پابندی کریں۔
اگر ممکن ہو تو سونے کا کمرہ مخصوص ہونا چاہیے جس میں کھانے ‘ پڑھنے‘ٹیلی ویژن دیکھنے یا کوئی اور مصروفیت انجام نہ دی جائے۔
روزانہ باقاعدہ ورزش کریں، البتہ رات گئے سخت مشقت والا کام نہ کریں۔
ہر صبح ایک ہی مقررہ وقت پر اُٹھیں‘ قطع نظر اس کے کہ رات کو آپ کم یا زیادہ سوئے ہوں۔
رات کو اچھی نیند کی پہچان
اگرآپ کی نیند اچھی نہیں تو صبح کے وقت آپ کو تھکاوٹ محسوس ہو گی اورآپ روزمرہ کے اموربہتر طور پر سر انجام نہیں دے پائیں گے۔اس سے آپ کے مزاج پر بھی منفی اثر پڑے گا جس سے دفتر اور گھر کا ماحول متاثر ہو گا ۔نیند کی کمی سے یاداشت بھی متاثر ہوتی ہے ۔ اگرطبی طور پر دیکھا جائے تو جب ہم باربار نیند سے اٹھتے ہیں توہمارے دل کی دھڑکن اور پھیپھڑوں کی حرکت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ نیند متاثر ہونے سے ہر معاملے میں ہماری کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
اچھی نیند میں درج ذیل خصوصیات پائی جاتی ہیں
بستر پر نیند کے لئے لیٹیں تو 30منٹ کے اندر اندر آپ سو جائیں۔
نیندکا دورانیہ6سے8گھنٹہ تک ہو۔
رات سونے کے دوران تین دفعہ سے زیادہ‘مختصر وقت کی بیداری نہ ہو۔
صبح نیند کے بعد اُٹھیں تو اپنے آپ کو مکمل طور پرتازہ دم اور شاداب محسوس کریں۔
Rules for good sleep, benefits