Vinkmag ad

جغرافیائی زبان: زبان پر نقشے جیسے دھبے

Close-up of a geographic tongue, a harmless oral condition also known as Benign Migratory Glossitis

جغرافیائی زبان (Geographic tongue) ایک سوزش والی، مگر بالعموم بے ضرر حالت ہے۔ اس میں زبان پر چھوٹے، گلابی اور سفید جھری نما دھبے (papillae) نمودار ہوتے ہیں۔ یہ اکثر ایک جگہ سامنے آنے کے بعد زبان کے دیگر حصوں میں پھیل جاتے ہیں۔

اس کیفیت کو ”جغرافیائی زبان” کا نام دینے کا سبب یہ ہے کہ یہ دھبے زبان پر ایک نقشے کی مانند دکھائی دیتے ہیں۔ زبان کی سطح پر کچھ جگہیں ان سے خالی، ہموار اور سرخ بھی ہوتی ہیں۔ اکثر اوقات ان کے کنارے تھوڑے ابھرے ہوئے ہوتے ہیں۔ اسے بی ایم جی (Benign Migratory Glossitis) بھی کہا جاتا ہے۔

اگرچہ یہ کیفیت دیکھنے میں پریشان کن لگ سکتی ہے، تاہم اکثر اوقات یہ صحت کے سنگین مسائل پیدا نہیں کرتی۔ اس کا تعلق کسی انفیکشن یا کینسر سے نہیں۔ کبھی کبھار ان کی وجہ سے زبان میں درد ہو سکتا ہے۔ کچھ چیزیں مثلاً تیز مصالحہ جات، نمکین یا میٹھے کھانے اس کی حساسیت بڑھا سکتے ہیں۔

علامات

Close-up of a geographic tongue, a harmless oral condition also known as Benign Migratory Glossitis

جغرافیائی زبان کی نمایاں علامات یہ ہیں:

٭ زبان کی اوپر والی یا اطراف کی سطح پر ہموار، سرخ، بے قاعدہ دھبے نمودار ہونا جو زخم جیسے دکھائی دے سکتے ہیں

٭ دھبوں کی جگہ، سائز اور شکل میں بار بار تبدیلی آنا

٭ زبان پر درد یا جلن کا احساس ہونا، خصوصاً چٹ پٹی چیزیں کھاتے ہوئے

یہ حالت چند دنوں، مہینوں یا سالوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔ اکثر اوقات یہ خود بخود ختم ہو جاتی ہے، لیکن بعد میں دوبارہ ظاہر ہو سکتی ہے۔ اس کے شکار بعض لوگوں میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

ڈاکٹر سے رابطہ

اکثر صورتوں میں اس کے علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ زیادہ تر لوگوں میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ اگر وہ موجود ہوں تو ان کا تعلق فنگل انفیکشن سے ہو سکتا ہے۔ ایسے میں ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ سے رجوع کریں۔ علامات کم کرنے کے لیے میڈیسنز تجویز کی جا سکتی ہیں۔

وجوہات

جغرافیائی زبان کی بنیادی وجہ معلوم نہیں، اور نہ اس سے بچاؤ کا کوئی یقینی طریقہ ہے۔ اس کا تعلق کچھ خاص حالات، مثلاً طویل مدتی جلدی خارش (psoriasis) سے ہو سکتا ہے۔ صحت کے دیگر مسائل سے ممکنہ تعلقات کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

خطرے کے عوامل

جغرافیائی زبان کے امکانات بڑھانے والے عوامل یہ ہیں:

* بعض افراد میں یہ کیفیت خاندانی پس منظر رکھتی ہے، یعنی جینیاتی عوامل اس کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔

٭ بعض افراد کی زبان کی سطح پر گہری دراڑیں (fissured tongue) بھی پائی جاتی ہیں، جو جغرافیائی زبان کے امکانات میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

پیچیدگیاں

یہ کیفیت صحت کے لیے خطرناک نہیں، اور نہ طویل مدتی مسائل پیدا کرتی ہے۔ عموماً بے ضرر ہوتی ہے، لیکن کبھی کبھار تکلیف یا جلن پیدا کر سکتی ہے۔

زبان پر موجود دھبے دیکھ کر شرمندگی محسوس ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات یقین کرنا مشکل ہوتا ہے کہ اس میں کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے۔ ایسے میں کچھ لوگوں میں یہ حالت ذہنی اضطراب بھی پیدا کر سکتی ہے۔

تشخیص

معالج یا ڈینٹسٹ عموماً زبان دیکھ کر اور علامات پوچھ کر جغرافیائی زبان کی تشخیص کر لیتے ہیں۔ معائنے کے دوران، معالج یا ڈینٹسٹ یہ کر سکتے ہیں:

٭ روشنی والا آلہ استعمال کر کے زبان اور منہ کا جائزہ لینا

٭ مریض سے زبان کو مختلف سمتوں میں حرکت دینے کو کہنا

٭ زبان کو ہلکا سا چھو کر غیر معمولی تبدیلیوں کا جائزہ لینا

٭ انفیکشن کی علامات مثلاً بخار یا گردن میں سوجن والے لمف نوڈز کا جائزہ لینا

جغرافیائی زبان کی کچھ علامات بعض دیگر حالات سے ملتی جلتی ہو سکتی ہیں۔ اس کی ایک مثال اورل لائیکن پلانس (oral lichen planus) ہے، جو منہ میں سفید جالی نما دھبے پیدا کرتا ہے۔ یہ بعض اوقات زخم کے ساتھ بھی ظاہر ہوتا ہے۔ لہٰذا درست تشخیص سے پہلے دیگر ممکنہ حالات کو خارج از امکان قرار دینا ضروری ہے۔

علاج

جغرافیائی زبان میں عموماً کسی طبی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگرچہ اس سے زبان میں درد ہو سکتا ہے، لیکن یہ بے ضرر حالت ہے۔ درد یا حساسیت کم کرنے کے لیے، ڈاکٹر مندرجہ ذیل ادویات تجویز کر سکتا ہے:

٭ ڈاکٹری نسخے کے بغیر پین کلرز

٭ ماتھ واش جو زبان کے متاثرہ حصے کو عارضی طور پر سن کر دیں

٭ اورل اینٹی ہسٹامین جو سوجن کم کرتے ہیں

٭ کورٹیکو سٹیرائیڈ دوائیں جو سوجن کم کرنے یا مدافعتی نظام کے اثرات والے حالات میں استعمال کی جاتی ہیں

٭ وٹامن بی یا زنک

٭ فنگل انفیکشن کے لیے دوائیں

جغرافیائی زبان کی علامات خود بخود ظاہر اور غائب ہوتی رہتی ہیں۔ اس لیے علاج سے علامات میں کمی کا اندازہ لگانا مشکل ہو سکتا ہے۔

طرز زندگی اور گھریلو تدابیر

اگر علامات ہوں تو چٹ پٹی چیزوں، میٹھے مشروبات، الکحل اور تمباکو نوشی سے پرہیز کریں۔

اپوائنٹمنٹ کی تیاری

اگر آپ اپنی زبان کے حوالے سے فکر مند ہوں تو ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر سے سوالات

اپوائنٹمنٹ سے پہلے سوالات تیار کریں تاکہ ملاقات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ کچھ بنیادی سوالات یہ ہو سکتے ہیں:

٭ میری زبان اس طرح کیوں دکھائی دے رہی ہے؟

٭ اس کے ممکنہ اسباب کیا ہیں؟

٭ یہ حالت کتنا عرصہ برقرار رہ سکتی ہے؟

٭ علاج کے آپشنز کیا ہیں؟

٭ کیا درد کم کرنے کے لیے میں خود کچھ کر سکتا ہوں؟

٭ اگر زبان پر دوبارہ نشانات ظہر ہوں تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟

ڈاکٹر کے سوالات

ان سوالات کے جواب دینے کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں:

٭ زبان پر سرخ دھبے پہلی بار کب ظاہر ہوئے؟

٭ کیا سرخ دھبوں کی شکل میں تبدیلی آئی؟

٭ کیا دھبے زبان کے مختلف حصوں میں منتقل ہوئے؟

٭ کیا منہ میں دیگر سرخ دھبے یا زخم بھی ہیں؟

٭ کیا زبان میں درد ہوتا ہے؟

٭ کیا چٹ پٹی چیزیں کھانے سے درد ہوتا ہے؟

٭ کیا دیگر علامات بھی ہیں جو بظاہر زبان کی حالت سے غیر متعلق معلوم ہوتی ہیں؟

٭ کیا آپ کو بخار ہوا؟

اپنے سوالات تیار کرنا، اور متوقع سوالات کے بارے میں تیار رہنا ڈاکٹر سے ملاقات کو مؤثر بنا سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

سیلاب زدہ علاقوں میں بیماریاں پھیلنے سے اموات کا خطرہ، ڈبلیو ایچ او

Read Next

Sick-Care سے زیادہ اہم Health-Care، وزیر صحت

Leave a Reply

Most Popular