ایک نئی جین تھراپی CTX310 برے کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کو کم کرنے میں بہت مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ تھیراپی کے صرف ایک انفیوژن کے بعد ان کی شرح نصف یا اس بھی کم ہو گئی۔
یہ تحقیق کلِیولینڈ کلینک کے کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سٹیون نِسن اور ڈاکٹر لوک لافِن کی قیادت میں کی گئی۔ تھراپی ANGPTL3 جین کو بند کر کے کام کرتی ہے، جس سے دل کی بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سٹڈی میں 15 مریض شامل تھے، جن کی عمریں 31 سے 68 سال تھیں۔ چار مریضوں میں ایل ڈی ایل تقریباً نصف اور ٹرائی گلیسرائیڈز نصف سے زائد کم ہوئے۔ تمام شرکاء کو دیگر علاج سے فائدہ نہیں ہوا تھا۔
شرکاء میں سے تین افراد کو عارضی ری ایکشن مثلاً متلی اور جگر کے انزائمز میں اضافہ ہوا جو جلد ہی ٹھیک ہو گیا۔ مریضوں کی ایک سال تک نگرانی کی جائے گی۔ اضافی طور پر 15 سال تک فالو اپ بھی ممکن ہے۔ اسے کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کے مسائل سے متاثرہ لاکھوں افراد کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا جا رہا ہے۔