گیٹس فارما اور غیر سرکاری تنظیم "میٹھی زندگی” کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس کے تحت پاکستان میں 250 بچوں کو تاحیات مفت انسولین فراہم کی جائے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس میں دونوں اداروں کے نمائندے، ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچے اور ان کے والدین شریک ہوئے۔ تقریب میں بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں بھی رکھی گئیں۔ ان میں چہرہ رنگنے اور کہانی سنانے کا اہتمام بھی شامل تھا۔
معاہدے کے مطابق، گیٹس فارما ہر تین ماہ بعد انسولین فراہم کرے گی۔ خوراک کی مقدار میٹھی زندگی کی سفارش پر ہو گی۔ دوا کی ترسیل، محفوظ ذخیرہ، اور رپورٹنگ کی ذمہ داری بھی اسی ادارے کے سپرد ہو گی۔
ڈاکٹر ثناء، نے 2017 میں ”میٹھی زندگی” کی بنیاد رکھی۔ اس کا مقصد ایسے خاندانوں کی مدد کرنا تھا جو انسولین خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ تنظیم بچوں کو مفت انسولین کے ساتھ ساتھ طبی مشورے اور نفسیاتی سپورٹ بھی فراہم کرتی ہے۔
”میٹھی زندگی” کی سربراہ نے کہا کہ ملک میں تقریباً 26 ہزار بچے ٹائپ ون ذیابیطس کا شکار ہیں۔ تاہم ان میں سے صرف 8 ہزار کو مفت انسولین فراہم کی جا رہی ہے۔ گیٹس فارما کی شراکت سے اب پاکستان میں 250 بچوں کو تاحیات مفت انسولین دی جائے گی۔ اس سے ان کی فیملیز کو کافی مدد ملے گی۔