نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ 29 جون تک خطرناک علاقوں کا سفر نہ کریں۔
ادارے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور سندھ میں شدید بارش اور طوفان متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گانچھے اور شگر میں موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔ ہنزہ، شمشال، اور خنجراب کی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے سیلاب آ سکتا ہے۔
پشاور، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفرآباد، نیلم، راولا کوٹ اور ہٹیاں بالا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ میں شہری سیلاب ممکن ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کمزور عمارتوں، بجلی کی تاروں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ ندی نالے عبور نہ کریں۔ مویشی اور قیمتی سامان محفوظ جگہ منتقل کریں۔ ادارے کی موبائل ایپ سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بچاؤ کے لیے احتیاط ضروری ہے۔ انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔