ماہرین کے مطابق نیند کے مختلف پیٹرنز دماغ اور ذہنی صحت پر اہم اثر ڈال سکتے ہیں۔ یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ اس سٹڈی میں نیند کے پانچ پروفائلز کی نشاندہی کی گئی، جو دماغی نیٹ ورک کے منفرد پہلوؤں کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہر پروفائل افراد کے تجربات اور دماغی فعالیت کو مختلف انداز میں متاثر کرتا ہے۔
نیند کے پانچ پروفائلز میں سے پہلی خراب نیند کے حامل لوگوں کی تھی۔ اس کا زیادہ تر تعلق ڈپریشن، اضطراب اور ذہنی دباؤ کے ساتھ تھا۔ دوسری پروفائل میں نیند کے مسائل کے باوجود دماغی اور ذہنی افعال بہتر رہے۔ اسے ماہرین نے نیند کی مضبوطی قرار دیا۔ تیسری پروفائل زیادہ تر نیند کے دورانیے سے متعلق تھی۔ پایا گیا کہ نیند کا کم دورانیہ یادداشت اور توجہ پر اثر انداز ہوتا ہے۔ چوتھی اور پانچویں پروفائلز کا تعلق نیند کی مختلف خصوصیات، مثلاً دواؤں کے استعمال سے تھا۔ ہر پروفائل منفرد دماغی نیٹ ورک کے ساتھ وابست تھی۔
تحقیق بتاتی ہے کہ نیند صرف آرام کا ذریعہ نہیں بلکہ دماغی فعالیت اور ذہنی صحت کا اہم جزو بھی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی منفرد خصوصیات کو سمجھنا مؤثر اور انفرادی علاج کی فراہمی کو ممکن بنائے گا۔ نیند کے منفرد پروفائلز ذہنی بیماریوں اور یادداشت کے مسائل پر تحقیق میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔