Vinkmag ad

شوگر کم یا زیادہ ہو تو کیا کریں؟

شوگر کم یا زیادہ ہو تو کیا کریں؟-شفانیوز

ذیابیطس یا شوگر ایسی بیماری ہے جس میں مریض کے جسم میں انسولین پیدا کرنے کی صلاحیت کم یا بالکل ختم ہو جاتی ہے۔ جب شوگر پر کنٹرول کمزور ہو جاتا ہے تو کبھی یہ اچانک بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے تو کبھی خطرناک حد تک کم ہو جاتی ہے۔ دونوں صورتیں مریض کے لیے شدید پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔

بعض اوقات صورت حال ایسی خطرناک ہو جاتی ہے کہ بر وقت طبی امداد نہ دی جائے تو مریض کی جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے ذیابیطس کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کیفیات میں انہیں کیا کرنا ہے۔

شوگر کی زیادتی

خون میں شوگر کی سطح بڑھنے کو ہائپر گلائیسیمیا کہتے ہیں۔ اس کی چند اہم علامات یہ ہیں:

٭ تیز سانس آنا

٭ ٹھنڈے پسینے آنا

٭ خشک اور گرم جلد

٭ شدید پیاس لگنا

٭ چکر آنا

٭ بے ہوشی کے دورے پڑنا

انسولین وقت پر نہ لگائی جائے تو بھی شوگر لیول ہائی ہو سکتا ہے لہٰذا ایسی حالت میں فوراً انسولین لگانی چاہیے۔

ابتدائی طبی امداد

٭ ہائپو گلائیسیمیا کو کنٹرول کرنے کے لیے ہلکی ورزش یا چہل قدمی ہے۔ شوگر کی سطح خطرناک حد تک بڑھ جائے تو دوا کھائیں یا انسولین لگائیں۔

٭ انسولین لگانے سے فرق نہ پڑے یا ہائی بلڈ شوگر کے ساتھ پیٹ درد اور الٹیاں بھی آ رہی ہوں تو مریض کو فوراً ہسپتال لے جائیں۔

شوگر کی کمی

شوگر اپنی مقررہ کم سے کم سطح یعنی 70 ملی گرام/ڈیسی لیٹر سے کم ہو تو اسے ہائپو گلائیسیمیا کہتے ہیں۔ یہ کیفیت خون میں گلوکوز اور انسولین کی سطح غیر متوازن ہونے سے پیدا ہوتی ہے۔ بہت زیادہ ورزش یا جسمانی مشقت بھی اس کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کی یہ علامات ہیں:

٭ سردرد

٭ چکر آنا

٭ اضطراب

٭ پسینے آنا

٭ کمزوری

٭ بھوک لگنا

٭ اختلاج قلب

ابتدائی طبی امداد

٭ مریض کو کسی پر سکون جگہ بٹھا کر اس کی شوگر چیک کریں۔

٭ شوگر کم ہو تو آدھا گلاس مالٹے کا شربت یا پھر تین چھوٹے چمچ چینی ایک گلاس پانی میں گھول کر پلا دیں۔

٭ 15 منٹ بعد پھر چیک کریں۔ اگر وہ اب بھی بیان کردہ سطح سے کم ہو تو اسے دوبارہ شربت یا میٹھا پانی پلا کر آرام کرنے کے لیے لٹا دیں۔

٭ ہائپو گلائیسیمیا کے مریض اپنے پاس ہمیشہ کوئی میٹھی چیز جیسے کھجور وغیرہ رکھیں۔ جیسے ہی شوگر کم ہونے لگے اسے کھا لیں۔

٭ ابتدائی طبی امداد کے بعد بھی حالت نہ سنبھلے تو فوراً ڈاکٹر کو دکھائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

First aid for hot water burns

Read Next

ڈینگی مریضوں کا غلط علاج، ایک بڑا چیلنج

Most Popular