امریکی ایف ڈی اے نے غیر معیاری کاسمیٹکس فروخت کرنے والی 18 ویب سائٹس کو وارننگ لیٹرز جاری کیے ہیں۔ یہ ویب سائٹس غیر منظور شدہ بوٹاکس اور اسی نوعیت کی ادویات آن لائن فروخت کر رہی تھیں۔ ادارے کے مطابق ان کے استعمال سے متاثرہ افراد میں مضر صحت اثرات کی شکایات موصول ہوئیں۔
بوٹاکس بوٹولینم نامی مادے سے تیار ہوتا ہے۔ امریکہ میں اسے پٹھوں کے کھچاؤ، آنکھوں کے امراض اور مائیگرین کے علاج کے لیے منظور کیا گیا ہے۔ تاہم اسے زیادہ تر خوبصورتی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اصل دوا 1989 میں ایلرگن کمپنی نے متعارف کرائی تھی۔ اس کے بعد کئی منظور شدہ متبادل ادویات بھی مارکیٹ میں دستیاب ہوئیں۔ ادارے کے مطابق منظور شدہ بوٹاکس پر واضح حفاظتی وارننگ درج ہوتی ہے۔ مریضوں کو چاہیے کہ غیر منظور شدہ بوٹاکس سےبچیں، اور صرف مستند اور تربیت یافتہ طبی ماہرین سے علاج کرائیں۔