ماہرین کے مطابق جنسی طور پر پھیلنے والی بیماریاں صحت عامہ کیلئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 82 ملین افراد سوزاک (گونوریا) کے شکار ہوتے ہیں۔ 2023 میں اس کے کیسز ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے۔ اسی سال بیماری کی شرح گزشتہ برسوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ رہی۔ ادویات کے خلاف مزاحم جراثیمی اقسام نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے سوزاک کو ترجیحی پیتھوجن قرار دے رکھا ہے۔
اسی پس منظر میں امریکی ایف ڈی اے نے دو نئی اینٹی بائیوٹکس کی منظوری دی ہے۔ منظور شدہ ادویات میں زولی فلوڈاسین (Zoliflodacin) اور جیپوٹڈاسین (Gepotidacin) شامل ہیں۔
لانسیٹ میں شائع کلینیکل آزمائشوں کے مطابق زولی فلوڈاسین 90 فیصد کیسز میں مؤثر ثابت ہوئی۔ یہ دوا جنسی اعضاء کے سوزاک کے علاج میں کامیاب رہی۔ ماہرین نے اس پیش رفت کو سوزاک کے علاج میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔