وفاقی دارالحکومت کی ڈرگ کنٹرول انتظامیہ نے ایک سنگین سکینڈل کا انکشاف کیا ہے۔ اس کے مطابق عمرہ زائرین کو جعلی ویکسین لگائی گئی۔ تحقیقات سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ اور اسلام آباد کے چیف ڈرگ انسپکٹر نے کیں۔
سعودی عرب جانے کے لیے میننجائٹس ویکسین ضروری ہے جو عمر زائرین کو جعلی لگائی گئی۔جعلی ویکسینز ایک معروف فارمیسی سے خریدی گئی تھیں۔ ویکسین سینٹر کے کوڑے دان میں استعمال شدہ ویکسین کے پیکٹ ملے۔ ان سے جعلی ویکسین کا شبہ پیدا ہوا۔ ویکسینیشن سینٹر نے درخواست گزاروں کو ویکسین خود خریدنے کی ہدایت کی تھی۔
فارمیسی کے مالک نے اعتراف کیا کہ اس نے پانچ پیکٹ ویکسین فروخت کیے تھے۔ ان میں سے دو پیکٹ غیر مجاز افراد سے خریدے گئے تھے۔ فارمیسی نے ویکسین کی خریداری کے لیے کوئی دستاویزات فراہم نہیں کیں۔ اس پر اسے سیل کر دیا گیا۔
فارماسوٹیکل کمپنی کے ایک نمائندے کے مطابق میننجائٹس ویکسین کا سٹاک فروری 2024 کے بعد فراہم نہیں کیا گیا۔ بازیاب شدہ لاٹ نمبر پاکستان میں کبھی درآمد نہیں کیا گیا۔
عمرہ زائرین کو جعلی ویکسین کی فراہمی افسوسناک ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے کئی اقدامات کی سفارش کی ہے۔ ان میں ویکسینیشن سینٹرز کے لیے ایس او پیز کی تیاری نمایاں ہے۔