ماہرین کے مطابق ہیٹ ویوز سے ڈپریشن اور بے چینی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ بات ”جرنل آف افیکٹو ڈس آرڈرز” نامی جریدے میں شائع ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ اس کے مطابق گرمی کی شدت نوجوانوں کی ذہنی صحت کو متاثر کرتی ہے۔
مذکورہ تحقیق چین سے تعلق رکھنے والے 10 سے 18 سال کی عمر کے لگ بھگ 20 ہزار افراد پر کی گئی۔ اس میں موسم کی شدت اور ذہنی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق ہیٹ ویوز سے ڈپریشن اور انگزائٹی کے درمیان تعلق سامنے آیا۔ ہیٹ ویوز میں شدت بڑھنے سے ان ذہنی امراض کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا۔
تحقیق کے مطابق گرمی کی شدت میں ہر ایک یونٹ اضافے سے ڈپریشن کا خطرہ 13 فیصد اور انگزائٹی کا خطرہ 12 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر صرف جسمانی نہیں بلکہ ذہنی صحت پر بھی پڑتا ہے۔ خاص طور پر نوجوان اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ اگرچہ تحقیق محدود پیمانے پر ہوئی، مگر اس میں ایسے مضبوط شواہد سامنے آئے ہیں جو مستقبل کی تحقیقات کا رخ متعین کر سکتے ہیں۔