ماہرین نے بچوں اور نوجوانوں میں موبائل فون، کمپیوٹر اور ٹی وی کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زیادہ سکرین ٹائم دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ بات امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ تحقیق میں ڈنمارک کے 10 سے 18 سال کے 1,000 سے زائد بچوں کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج کے مطابق، 10 سال کے بچوں میں ہر اضافی گھنٹے کے زیادہ سکرین ٹائم سے دل کی بیماری کا خطرہ 0.08 پوائنٹس بڑھ جاتا ہے۔ 18 سالہ نوجوانوں میں یہ اضافہ 0.13 پوائنٹس تک پہنچ جاتا ہے۔ روزانہ تین گھنٹے اضافی سکرین استعمال کرنے والے بچوں میں خطرہ 0.25 سے 0.5 پوائنٹس تک بڑھ جاتا ہے۔ نیند کی کمی اس خطرے کو مزید بڑھاتی ہے۔
تحقیق میں خون کے نمونوں میں کیمیائی تبدیلیاں بھی سامنے آئیں، جنہیں "سکرین ٹائم فنگر پرنٹ” کہا جاتا ہے۔ یہ حیاتیاتی اثرات ظاہر کرتے ہیں کہ سکرین کا استعمال جسم پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ڈیوڈ ہورنر کا کہنا ہے کہ سکرین ٹائم محدود کرنا ضروری ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی ڈاکٹر امانڈا پیراک نے بھی اس مسئلے پر تشویش ظاہر کی۔ ان کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ اس پر بچوں کے ساتھ کھل کر بات کریں تاکہ بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔