Vinkmag ad

غذا بزرگوں کی ذہنی صحت کو کیسے متاثر کرتی ہے؟  

غذا بزرگوں کی ذہنی صحت کو کیسے متاثر کرتی ہے؟-شفانیوز

ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 14 فیصد بزرگ کسی نہ کسی ذہنی صحت کے مسئلے کا شکار ہیں۔ ان میں سے ایک ڈپریشن بھی ہے۔ بزرگوں کی ذہنی صحت متاثر ہونے کی کئی وجوہات ہیں۔ مثلاً ایک یا زیادہ طویل المیعاد بیماریوں کا شکار ہونا، تنہائی، نیند کی کمی اور بد غذائیت وغیرہ۔

اکتوبر 2022 میں طبی تحقیق سے متعلق ایک رسالے (BMC Geriatrics) میں شائع ہونے والی سٹڈی کے مطابق بد غذائیت کے شکار بزرگوں میں ڈپریشن کے امکانات تین گنا زیادہ ہوتے ہیں۔

بد غذائیت اور ڈپریشن کا تعلق

خوراک جسمانی ہی نہیں ذہنی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ غیر صحت مندانہ عادات مثلاً ہر وقت کچھ نہ کچھ چباتے رہنا اور جنک فوڈ کا زیادہ استعمال بھی ڈپریشن کی وجہ بن سکتا ہے۔

غذائی اجزاء مثلاً اومیگا تھری فیٹی ایسڈ، فولیٹ بی 6 اور 12، نیاسین، وٹامن ڈی، پانی اور بلڈ شوگر لیول کی کمی بھی اس کا سبب بن سکتی ہے۔ اسی طرح کیفین کے حامل مشروبات سے اضطرابی بیماریاں یعنی اینگزائٹی ڈس آرڈرز اور نیند میں کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

بچاؤ اور نپٹنے کے لیے ہدایات

بزرگوں کی ذہنی صحت کا بہتر خیال رکھنے کے لیے ان باتوں پر عمل کریں:

٭ انہیں اینٹی آکسیڈنٹس سے بھر پور پھل اور سبزیاں (مثلاً پالک اور بروکلی) وغیرہ کھلائیں۔

٭ سبزیاں زیادہ پکانے کے بجائے اپنی اصلی حالت میں دیں۔

٭ سیروٹونن کی کمی ڈپریشن کی وجہ بنتی ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے دودھ، گوشت، مچھلی، دالیں اور انڈے کھلائیں۔

٭ کھانا زیادہ اوقات میں اور تھوڑی سی بھوک رکھ کر کھائیں۔ مثلاً ایک نشست میں ایک روٹی کھانے کے بجائے اسے آدھا کر کے دو بار کھلائیں۔ اس طرح معدے پر اچانک بوجھ نہیں پڑے گا۔

٭ کوشش کریں کہ ان کی نیند پوری ہو۔

٭ رات کو کیفین کے حامل مشروبات مثلاً چائے یا کافی وغیرہ کم سے کم دیں۔

٭ کھانے کے ایک گھنٹے بعد ایک کپ گل بابونہ (chamomile) کی چائے دیں۔

٭ سونے سے پہلے ایک گلاس خشخاش ملا دودھ پینا بھی ان کے لیے مفید ہے۔

٭ کچھ ادویات بزرگوں کی نیند متاثر کر سکتی ہیں۔ ڈاکٹر کے مشورے سے ان کی مقدار میں کمی بیشی کی جا سکتی ہے۔

٭ ڈپریشن کو کم کرنے میں وٹامن ڈی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے لیے انہیں روزانہ صبح کے وقت 15 سے 20 منٹ دھوپ میں بیٹھائیں۔

٭ کسی خاص کھانے کے بعد چڑچڑا پن محسوس ہو تو ماہر غذائیات کے مشورے سے اس کا کوئی متبادل استعمال کروائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

کینسر کے مریضوں کے لیے ہدایات

Read Next

اعضاء عطیہ کرنے والوں کے قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو

Leave a Reply

Most Popular