ماہرین کے مطابق قبل از وقت مینو پاز سے گزرنے والی خواتین میں سے روماٹائیڈ آرتھرائٹس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ مینو پاز یا سن یاس سے مراد خواتین کے ہاں ماہواری بند ہو جانا ہے۔ بالعموم 50 سال کی عمر میں ایام کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے۔ یہ ایک قدرتی عمل ہے تاہم اس سے متعدد طبی پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔ محققین کے مطابق 45 برس سے پہلے مینوپاز کا شکار ہونے والی خواتین میں روماٹائیڈ آرتھرائٹس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
سن یاس کی علامات عموماً ادھیڑ عمری کے بعد آنا شروع ہوتی ہیں۔ تاہم ایسا نوجوان لڑکیوں میں بھی ہو سکتا ہے۔ قبل از وقت مینو پاز کے اسباب میں غیر معیاری غذا، غیر صحت مندانہ طرز زندگی اور ماحولیاتی آلودگی نمایاں ہیں۔ کم عمری میں مینوپاز سے روماٹائیڈ آرتھرائٹس کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ ہڈیوں،جوڑوں اور پٹھوں کو شدید متاثر کرنے والی بیماری ہے۔
روماٹائیڈ آرتھرائٹس آٹو امیون بیماری ہے۔ مرض کی اس قسم میں مدافعتی نظام اپنے ہی صحت مند خلیوں پرحملہ آور ہو جاتا ہے۔ اس سے متاثرہ حصوں میں سوزش پیدا ہوتی ہے۔ تحقیق آر ایم ڈی اوپن نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ یہ روماٹالوجی سے متعلق ایک تحقیقی جرنل ہے۔