ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے فیمیلا انجکشن کے بیچ 083 پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کی فروخت اور استعمال پر پابندی کا سبب اس کا غیر معیاری پایا جانا ہے۔ انجیکشن امراض نسواں میں استعمال ہوتا ہے۔ دوا ضافا فارماسوٹیکل کمپنی کراچی نے تیار کی ہے۔ ڈریپ نے اس حوالے سے "ریکال الرٹ” جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معیار جانچنے کے لیے کراچی میں فیمیلا انجکشن 150 ملی گرام کے نمونے حاصل کیے گئے۔ سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں اس کا جائزہ لیا گیا تو وہ غیر معیاری نکلا۔
ڈریپ نے ضافا فارماسوٹیکلز کو اس کی مزید تقسیم روکنے کا حکم دیا ہے۔ نیشنل ریگولیٹری فیلڈ فورس کو مارکیٹ سرویلنس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریگولیٹری فورس کو مارکیٹ میں موجود متاثرہ بیچ ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے ڈاکٹروں اور مریضوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اس انجیکشن کا استعمال نہ کریں۔