Vinkmag ad

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے

Close-up of an eye showing dark circles

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اُس وقت ظاہر ہوتے ہیں جب دونوں آنکھوں کے نیچے کی جلد اپنی معمول کی رنگت سے زیادہ گہری دکھائی دینے لگتی ہے۔

وجوہات

یہ حلقے عموماً تھکن یا نیند کی کمی کے باعث زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔ طرزِ زندگی سے متعلق دیگر عوامل مثلاً سگریٹ نوشی، کثرت  شراب نوشی، اور ذہنی دباؤ بھی اس میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

سیاہ حلقوں کی طرح دکھائی دینے والی جگہیں بعض اوقات سوجی ہوئی پلکوں یا عمر بڑھنے کے ساتھ بننے والے گڑھوں کے سائے ہوتے ہیں۔

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کی عام وجوہات یہ ہیں:

٭ ایٹوپک ڈرماٹائٹس (ایگزیما)

٭ کانٹیکٹ ڈرماٹائٹس

٭ نیند کی کمی یا تھکن

٭ موروثی عوامل

٭ آنکھوں کو بار بار رگڑنا یا کھجانا

٭ عمر کے ساتھ جلد میں آنے والی تبدیلیاں

٭ دھوپ میں زیادہ رہنا

٭ جلد کی رنگت میں تبدیلی، مثلاً میلازما (melisma)  یا سوزش کے بعد پیدا ہونے والی ہائپر پگمنٹیشن، جو بھوری یا کالی جلد والے افراد میں زیادہ عام ہے۔ میلازما ایک عام جلدی مسئلہ ہے جس میں چہرے پر بھورے یا گہرے دھبے بن جاتے ہیں۔ یہ دھبے عام طور پر رخساروں، پیشانی، ناک، اوپری ہونٹ یا ٹھوڑی پر ظاہر ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

٭ اگر آپ آنکھوں کے نیچے کی جلد کی ظاہری حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں تو گھریلو علاج سے مدد لے سکتے ہیں۔ اگر ان سے فائدہ نہ ہو تو ماہرِ امراضِ جلد (ڈرماٹالوجسٹ) سے مشورہ کریں

٭ آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے عام طور پر کوئی سنگین طبی مسئلہ نہیں ہوتے۔ اگر صرف ایک آنکھ کے نیچے رنگت میں فرق پیدا ہو اور وقت کے ساتھ بڑھتا جائے، تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں

٭ جلد کو بہتر بنانے کے لیے ڈاکٹر میڈیکٹڈ کریمیں یا دیگر علاج تجویز کر سکتے ہیں

٭ لیزر تھیراپی، کیمیکل پیلز (chemical peels)، یا فِلرز سے بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ کیمیکل پیل جلد کی خوبصورتی بڑھانے والا ایک طبی طریقہ ہے جس میں کیمیائی محلول جلد پر لگایا جاتا ہے۔ یہ محلول جلد کی اوپری مردہ تہہ کو ہٹا دیتا ہے، جس کے بعد نئی، نرم اور ہموار جلد نمودار ہوتی ہے۔

٭ بعض صورتوں میں پلیٹ لیٹس کے حامل پلازما والے انجیکشن یا پپوٹوں کی سوجن کم کرنے کے لیے سرجری بھی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

سیلف کیئر

ہلکے یا درمیانے درجے کے حلقے اکثر گھریلو تدابیر سے بہتر ہو سکتے ہیں، جیسے:

ٹھنڈی چیز لگانا

آنکھوں کے نیچے ٹھنڈا گیلا کپڑا رکھیں۔ آپ ٹھنڈا چمچ یا نرم کپڑے میں لپٹے فروزن مٹر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

مخصوص پراڈکٹس 

بغیر نسخے کے دستیاب کچھ چیزیں بھی کسی حد تک مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں۔ ان میں کوجک ایسڈ (kojic acid) ، کیفین اور وٹامن K جیسے اجزاء شامل ہونے چاہئیں جو سیاہ حلقوں کی ظاہری شدت کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

تکیہ اونچا رکھنا

سوتے وقت سر کو قدرے اونچا رکھیں تاکہ نچلی پلکوں میں پانی جمع نہ ہو اور سوجن کم ہو۔

بھرپور نیند لینا

نیند کی کمی سیاہ حلقوں کو زیادہ نمایاں کر سکتی ہے، اس لیے باقاعدہ نیند لینا ضروری ہے۔

سن سکرین استعمال کرنا

روزانہ کم از کم SPF 30 والا براڈ سپیکٹرم سن سکرین استعمال کریں، چاہے موسم ابر آلود ہو۔ ہر دو گھنٹے بعد یا پسینہ آنے اور تیراکی کے بعد اسے دوبارہ لگائیں۔

الکحل سے پرہیز

زیادہ الکحل پینے سے جلد بے جان اور حلقے زیادہ گہرے ہو سکتے ہیں۔

سگریٹ نوشی ترک کریں

سگریٹ نوشی جلد کو نقصان پہنچاتی ہے اور خون کی روانی متاثر کرتی ہے، جس سے سیاہ حلقے بڑھ سکتے ہیں۔

طبی مسائل کا علاج

اگر آپ کو ایگزیما، میلازما یا دیگر جلدی بیماریاں ہیں تو ان کا مناسب علاج کروائیں۔ ان مسائل پر قابو پانے سے سیاہ حلقوں میں واضح کمی آ سکتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

میڈیکل کالج فیس کی حد مقرر، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ

Read Next

کھانے کی ترتیب بدلیں، بلڈ شوگر میں کمی لائیں

Leave a Reply

Most Popular