بعض اوقات گردن اکڑ جاتی ہے۔ ایسے میں کچھ لوگ کسی سیانے کے پاس جاتے ہیں۔ وہ گردن کو پکڑ کر زور سے جھٹکا دیتا ہے۔ ایسے میں کڑاکا نکلتا ہے اور درد ٹھیک ہو جاتا ہے۔ بعض لوگوں کو خود اپنی گردن کے کڑاکے نکالنے کی عادت ہوتی ہے۔ اس سے انہیں شاید آرام محسوس ہوتا ہے۔ امریکی ڈاکٹر ایور آریاس کے مطابق اسے غلط طریقے سے کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس سے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جن میں گردن کی ہڈی ٹوٹنا اور سٹروک تک شامل ہیں۔
انہوں نے یہ رائے ایک ویڈیو پر اپنے ردعمل میں دی۔ اس میں ایک فرد نے گردن کے کڑاکے نکالنے کی کوشش کی۔ اس کے نتیجے میں اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
ڈاکٹر آریاس نے اس سلسلے میں اپنے ہسپتال کے تجربات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق ایک 20 سالہ لڑکی ایمرجنسی روم میں آئی۔ اس نے بتایا کہ اس نے گردن کا کڑاکا نکالنے کی کوشش کی۔ دوسری بار ایسا کرنے پر تڑاخ کی آواز آئی اور گردن میں شدید درد شروع ہو گیا۔ معائنے اور سکیننگ کے بعد پتہ چلا کہ اس کی گردن میں کمپریشن فریکچر تھا۔ میرے ساتھی ڈاکٹروں نے ایسے مریض دیکھے ہیں جنہیں گردن کا کڑاکا نکالنے کے بعد سٹروک ہو گیا۔
اگر گردن میں ایسا مسئلہ ہو تو سیانوں کے پاس جانے سے پرہیز کریں۔ اگر جانا پڑ جائے تو انہیں واضح بتائیں کہ میری گردن کو نہ چھیڑیں۔ خود بھی ایسا کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔