Vinkmag ad

بچوں میں دل کی بیماریاں

بچوں میں دل کی بیماریاں-شفانیوز

دل کی بیماریاں کچھ عرصہ قبل تک صرف بڑی عمر کے افراد تک ہی محدود تھے۔ اس کے برعکس اب نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں میں بھی ان کی شرح روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ بچوں میں امراض قلب کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ان کی ایک قسم وہ ہے جس میں دل کی خرابی آکسیجن کی مقدار کو کم کرتی ہے۔ اس میں نوزائیدہ بچے نیلے ہو جاتے ہیں۔

دوسری قسم وہ ہے جس میں پھیپھڑوں تک خون کا بہاؤ زیادہ ہو جاتا ہے۔ ایسے میں بچے کو نمونیا یا سینے میں انفیکشن ہو سکتا ہے۔ یہ عموماً دل میں سوراخ کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ وہ بیماریاں ہیں جو پیدائش کے وقت موجود ہوتی ہیں۔ کچھ اس کے بعد بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔ ان میں دل کے پٹھوں کا کمزور ہونا قابل ذکر ہے۔

وجوہات کیا ہیں

ننھے بچوں میں ان مسائل کے بڑھنے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے زیادہ ترکا تعلق حمل کے دوران ماں میں پائے جانے والے کچھ مسائل ہیں:

٭ ماں میں وٹامنز اور فولک ایسڈ کی کمی

٭ ماں کو انفیکشن ہونا

٭ ماں کو شوگر ہونا

٭ ماں کا مرگی کی ادویات استعمال کرنا

٭ سگریٹ نوشی اور نشہ آور چیزیں استعمال کرنا

٭ جینیاتی نقص

مرض کی علامات

٭ بچے کا پیدائش کے وقت نیلا ہو جانا اور سانس لینے میں دشواری محسوس کرنا

٭ بار بار سینے میں انفیکشن ہونا

٭ وزن نہ بڑھنا

٭ دل کی دھڑکن غیر معمولی طور پر تیز ہونا

٭ کھیلتے ہوئے یا دودھ پیتے ہوئے غیر معمولی طور پر تھک جانا

جب یہ بچے بڑے ہو جاتے ہیں تو ان کےسینے میں درد ہوتا ہے اور بعض اوقات یہ بیہوش بھی ہو جاتے ہیں۔

علاج کے طریقے

بعض دل کی بیماریاں ایسی ہیں جن کا علاج بغیر آپریشن کے بھی ممکن ہے۔ مثلاً رحم مادر میں بچے کی دل کی دو اہم شریانیں درمیان سے کھلی ہوتی ہیں۔ یہ پیدائش کے بعد قدرتی طور پر بند ہو جاتی ہیں۔ اگر ایسا نہ ہو تو اس کے لیے ادویات تجویز کی جاتی ہیں۔ علاج کے دیگر آپشنز یہ ہیں:

٭ انجیو پلاسٹی کے ذریعے دل کی کھلی ہوئی رگوں اور دل میں سوراخ کو بند کیا جاتا ہے۔ بند والو کو بھی کھولا جاتا ہے۔

٭ وہ تمام بیماریاں جن میں انجیو پلاسٹی کامیاب نہ ہو وہ بائی پاس کے ذریعے ٹھیک کی جاتی ہیں۔ مثلاً دل میں سوراخ، دل کا آدھا بنا ہونا اور کسی چیمبر کا بہت زیادہ چھوٹا ہونا وغیرہ۔

احتیاط

خاندان میں پہلے بھی کوئی بچہ دل کا مریض ہو تو احتیاطاً ایک ہی خاندان میں شادیاں نہ کریں۔ اس کے علاوہ حمل کے دوران ماں کا مکمل علاج کروائیں۔

بعض بچے پیدا ہونے کے بعد ویسے ہی نیلے دکھائی دیتے ہیں جس کا سبب انہیں ٹھنڈ لگنا ہو سکتا ہے۔ ایسے میں انہیں کسی چیز سے ڈھانپ دیں اور ایک گھنٹے بعد دوبارہ دیکھیں۔ اگر ان کا رنگ ٹھیک ہو جائے تو پریشانی کی بات نہیں۔ اگر ناخن اور زبان نیلی ہو تو ممکن ہے وہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ اس لیے پیدائش کے بعد ہر بچے کا معائنہ کروائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

زچگی کے بعد کتنا آرام ضروری ہے؟

Read Next

صحت کارڈ پر دل کے علاج کے ریٹس میں اضافہ

Leave a Reply

Most Popular