پنجاب میں سموگ کو ہیلتھ ایمرجنسی اور بحران ڈکلیئر کر دیا گیا ہے۔ محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق اس سے شہری سانس، دمے اور امراض قلب میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ سموگ سے نپٹنے کےلیے مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کلاؤڈ سیڈنگ سے جہلم، گوجر خان، چکوال اور تلہ گنگ میں بارش ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ماہرین کے مطابق دوپہر 2 بجے کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی۔ اس کے چند گھنٹوں بعد ہی جہلم اور گوجر خان میں بارش ہو گئی۔ اس سے لاہور میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے جس سے سموگ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ برس یو اے ای کے تعاون سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا تھا۔ اس بار یہ مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کیا گیا ہے۔ آرمی ایوی ایشن، پارکو، ای پی اے اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق اکتوبر میں 19 لاکھ افراد سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔ دمے سے 1 لاکھ 19 ہزار 533 اور امراض قلب کے 13 ہزار 773 مریض سامنے آئے۔ توقع ہے کہ سموگ سے نپٹنے کےلیے مصنوعی بارش ان امراض میں بھی کمی کا باعث بنے گی۔