Vinkmag ad

چرگ-اسٹراوس سنڈروم: خون کی نالیوں کی سوزش

چرگ-اسٹراوس سنڈروم: خون کی نالیوں کی سوزش- شفا نیوز

چرگ- اسٹراوس سنڈروم (Churg-Strauss syndrome) خون کی نالیوں میں سوزش سے متعلق ایک نایاب بیماری ہے۔ اس سوزش کی وجہ سے اعضا اور ٹشوز تک خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ یہ انہیں مستقل نقصان پہنچانے کا بھی سبب بن سکتی ہے۔ اس مرض کا  نام اسے دریافت کرنے والے دو سائنس دانوں جیکب چرگ اور لوتھر اسٹراس کے نام پر رکھا گیا۔ اس بیماری کو ”ای جی پی اے”یعنی پولی انجائٹس کے ساتھ ایوزینو فِلک گرانولو میٹوسس (Eosinophilic granulomatosis with Polyangiitis)  بھی کہا جاتا ہے۔

چرگ- اسٹراوس سنڈروم زیادہ تر بالغوں میں سامنے آتا ہے۔ ان میں اس مرض کی سب سے عام علامت دمہ ہے۔ یہ بیماری دیگر مسائل بھی پیدا کر سکتی ہے۔ ان میں ناک کی الرجی، سائی نس (چہرے کی ہڈیوں میں ناک کے قریب خالی جگہیں) میں تکلیف، ریشز، معدے اور آنتوں میں خون بہنا، اور ہاتھوں اور پیروں میں درد نمایاں ہیں۔

اس مرض کا ایسا علاج موجود نہیں جو مرض کو مکمل ختم کر دے، تاہم اس کی علامات کو سٹیرائڈز اور قوت مدافعت کو دبانے والی ادویات کی مدد سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

علامات

چرگ-اسٹراوس سنڈروم ہر شخص میں مختلف انداز سے ظاہر ہوتا ہے۔ کچھ لوگوں میں صرف معمولی علامات ہوتی ہیں جبکہ بعض میں جان لیوا پیچیدگیاں سامنے آتی ہیں۔ سنڈروم تین مرحلوں میں ظاہر ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جاتا ہے۔ تقریباً ہر مریض میں دمہ، طویل مدتی سائنو سائٹس اور خون کے سفید خلیوں (eosinophils)  کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ دیگر علامات یہ ہیں:

٭ بھوک نہ لگنا اور وزن کا کم ہونا

٭ جوڑوں اور پٹھوں میں درد

٭ پیٹ میں درد ، معدے اور آنتوں میں خون بہنا

٭ کمزوری، تھکاوٹ یا عمومی طور پر غیر صحت مند محسوس ہونا

٭ ریشز یا جلد کے زخم

٭ ہاتھوں اور پیروں میں درد، ان کا سن ہو جانا اور ان میں چبھن ہونا

ڈاکٹر کے پاس کب جانا چاہیے

اگر آپ کو سانس لینے میں دشواری ہو یا ناک بہنے کی شکایت ہو جو ٹھیک نہ ہو، خاص طور پر اگر اس کے ساتھ  چہرے میں مسلسل درد بھی ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اگر آپ کو دمہ یا ناک کی الرجی ہو جو اچانک بگڑ جائے تو بھی ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

چرگ- اسٹراس سنڈروم ایک نایاب بیماری ہے، اس لیے زیادہ امکان ہے کہ ان علامات کی کوئی اور وجہ ہو۔ تاہم، ڈاکٹر سے ملنا  ضروری ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف جلد تشخیص اور علاج سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اسباب

چرگ- اسٹراس سنڈروم کی حتمی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ ممکنہ طور پر جینیاتی عوامل اور ماحولیاتی عناصر (جیسے الرجی پیدا کرنے والے مادے یا کچھ ادویات) مل کر مدافعتی نظام کو غیر معمولی طور پر فعال کردیتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں مدافعتی نظام صحت مند ٹشوز پر حملہ کرتا ہے۔ اس سے جسم میں سوزش پیدا ہو جاتی ہے۔

خطرے کے عوامل

اگرچہ کوئی بھی شخص اس کا شکار ہو سکتا ہے، تاہم یہ ان افراد میں زیادہ پائی جاتی ہے جن کی عمریں 50 سال کے لگ بھگ ہوں۔ یوں عمر میں اضافہ اس کا ایک اہم عامل ہوسکتا ہے۔ دیگر ممکنہ عوامل میں طویل مدتی دمہ یا ناک کے مسائل شامل ہیں۔ جینیاتی مسائل  اور ماحولیاتی الرجی پیدا کرنے والے مادوں کا سامنا بھی اس میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

پیچیدگیاں

چرگ-اسٹراوس سنڈروم: خون کی نالیوں کی سوزش- شفا نیوز

چرگ- اسٹراس سنڈروم مختلف اعضاء کو متاثر کر سکتا ہے۔ ان میں پھیپھڑے، سائی نس، جلد، نظامِ انہضام ، گردے، پٹھے، جوڑ اور دل شامل ہیں۔ اگر علاج نہ کیا جائے تو یہ بیماری جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

اعضاء کے لحاظ سے پیچیدگیاں

اعصابی نقصان: یہ بیماری ہاتھوں اور پیروں کے اعصاب کو نقصان پہنچاتی ہے۔ اس سے سن ہونا، جلن اور حرکت ختم ہونا جیسی شکایات ہو سکتی ہیں

دل کی بیماری: دل کے ارد گرد جھلی کی سوزش، دل کی پٹھوں کی سوزش، ہارٹ اٹیک اور ہارٹ فیلیر جیسی پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں

گردوں کا نقصان: اگر یہ بیماری گردوں کو متاثر کرے تو گلومیرو لونفرائٹس (glomerulonephritis) ہو سکتا ہے۔ اس سے گردے خون صاف کرنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں۔ نتیجتاً خون میں زہریلے مادے جمع ہونے لگتے ہیں

تشخیص

چرگ-اسٹراوس سنڈروم: خون کی نالیوں کی سوزش- شفا نیوز

چرگ-اسٹراوس سنڈروم کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ کیے جاتے ہیں:

خون کے ٹیسٹ

ان سے خون میں مخصوص اینٹی باڈیز کا پتہ لگایا جاتا ہے۔ یہ چرگ-اسٹراوس سنڈروم کی تشخیص کا اشارہ تو دے سکتے ہیں، لیکن ان سے مرض کی تصدیق نہیں ہوتی۔ ان سے ایوزینو فِلزکی تعداد بھی معلوم ہو سکتی ہے، تاہم ان کا سبب دمہ سمیت کچھ اور بیماریاں بھی ہو سکتا ہے۔

امیجنگ ٹیسٹ

ایکس رے اور سی ٹی سکین پھیپھڑوں اور سائی نس  میں غیر معمولی علامات سامنے لا سکتے ہیں۔ اگر ہارٹ فیلیر کے آثار ظاہر ہوں تو ڈاکٹر ایکو کارڈیو گرام بھی تجویز کر سکتا ہے۔

بائیوپسی

اگر دیگر ٹیسٹ چرگ-اسٹراوس سنڈروم کی طرف اشارہ کریں تو ڈاکٹر بائیوپسی تجویز کر سکتا ہے۔ اس کے لیے نمونہ پھیپھڑوں یا کسی اور عضو مثلاً جلد یا پٹھے سے لیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد  واسکو لائٹس (vasculitis) کی موجودگی یا عدم موجودگی کا جائزہ لینا ہے۔

علاج

کورٹیکو سٹیرائڈز

پریڈنیزون سوزش کم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ اس مرض میں بھی تجویز کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر علامات کنٹرول کرنے کے لیے اس کی زیادہ ڈوز تجویز کر سکتے ہیں۔ زیادہ مقدار میں کورٹیکو سٹیرائیڈز کے سنگین مضر اثرات ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ڈاکٹر آہستہ آہستہ ڈوز کم کرتے ہیں۔ اس کے ممکنہ مضر اثرات یہ ہیں:

٭ ہڈیوں کی کمزوری

٭ شوگر بڑھنا

٭ وزن میں اضافہ

٭ موتیا

٭ مشکل سے ٹھیک ہونے والے انفیکشن

قوت مدافعت دبانے والی دوائیں

ہلکی علامات میں صرف کورٹیکوسٹیرائیڈ کافی ہو سکتا ہے، لیکن کچھ مریضوں کو اضافی ادویات کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ دوائیں مدافعتی نظام کمزور کر سکتی ہیں جس کے سنگین مضر اثرات بھی ہو سکتے ہیں۔ اس لیے علاج کے دوران مریض کی صحت پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔

سیلف کیئر

طویل مدت تک کورٹیکو سٹیرائیڈز کا استعمال مختلف مضر اثرات پیدا کر سکتا ہے۔ ان مسائل کو کم کرنے کے لیے یہ اقدامات کریں:

ہڈیوں کی حفاظت کریں

ڈاکٹر سے مشورہ کریں کہ آپ کو وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کتنی مقدار روزانہ درکار ہے، اور کیا سپلیمنٹس لینا ضروری ہیں؟

ورزش کریں

ورزش وزن کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ کورٹیکوسٹیرائیڈز لینے والوں کے لیے یہ بطور خاص اہم ہے، اس لیے کہ یہ وزن بڑھا سکتی ہیں۔ طاقت بڑھانے والی ورزشیں، پیدل چلنا اور جاگنگ ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے۔

متوازن غذا کھائیں

سٹیرائڈز شوگر میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ پھل، سبزیاں اور مکمل اناج جیسی غذائیں کھائیں جو خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھتی ہیں۔

مرض کا مقابلہ اور مدد

یہاں کچھ تجاویز دی گئی ہیں جو چرگ-اسٹراس سنڈروم سے نپٹنے میں مدد دے سکتی ہیں:

آگہی حاصل کریں

بیماری کے بارے میں اگہی آپ کو پیچیدگیوں سے نپٹنے میں مدد دے سکتی ہے۔

سپورٹ سسٹم بنائیں

فیملی اور فرینڈز آپ کی بہت مدد کر سکتے ہیں۔ آپ کسی ایسے کاؤنسلر یا میڈیکل سوشل ورکر سے بھی بات کر سکتے ہیں جو اس بیماری سے واقف ہو۔ اس مرض کے شکار لوگوں سے بات چیت بھی فائدہ مند ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر سے ملاقات کی تیاری

اگر چرگ-اسٹراس سنڈروم کی عام علامات ہوں تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے ملاقات کریں۔ جلد تشخیص اور علاج اس بیماری کے اثرات کم کر سکتے ہیں۔ آپ کو کسی ایسے ڈاکٹر کے پاس بھیجا جا سکتا ہے جو خون کی نالیوں کی سوزش (واسکولائٹس) سے متعلق امراض کا ماہر ہو۔ ان میں روماٹالوجسٹ یا امیونولوجسٹ شامل ہیں۔ چرگ-اسٹراس نظام تنفس کو متاثر کرتا ہے، اس لیے آپ پھیپھڑوں کے ماہر (پلمونولوجسٹ) سے بھی مشورہ کر سکتے ہیں۔

آپ کیا کر سکتے ہیں

جب آپ ملاقات کا وقت لیں تو پوچھیں کہ کیا آپ کو پہلے سے کوئی خاص تیاری کرنی ہے، جیسے خوراک میں کوئی پرہیز وغیرہ۔ یہ بھی معلوم کریں کہ کیا ٹیسٹ کے بعد آپ کو کلینک میں کچھ دیر نگرانی کے لیے رکنا ہوگا۔

ایک فہرست بنائیں

٭ علامات اور ان کی شروعات کا وقت، چاہے وہ چرگ-اسٹراس سنڈروم سے غیر متعلق لگیں

٭ اہم طبی معلومات، جیسے پہلے سے موجود بیماریاں

٭ وہ تمام دوائیں، وٹامنز اور دیگر سپلیمنٹس جو آپ لے رہے ہیں، بشمول ان کی ڈوز

٭ ڈاکٹر سے پوچھنے کے لیے سوالات

٭ اگر آپ پہلے کسی اور ڈاکٹر کے پاس جا چکے ہیں تو اس کی رائے ۔ سینے یا سائی نس کے ایکسرے ک کاپی بھی ساتھ لے جائیں

٭ کسی قریبی رشتہ دار یا دوست کو بھی ساتھ لے جائیں تاکہ آپ دی گئی معلومات کو بہتر طریقے سے یاد رکھ سکیں

ڈاکٹر سے سوالات

٭ مجھے چرگ-اسٹراس سنڈروم ہونے کی سب سے ممکنہ وجہ کیا ہو سکتی ہے؟

٭ دیگر ممکنہ وجوہات کیا ہو سکتی ہیں؟

٭ مجھے کون سے ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے؟

٭ آپ کیا علاج تجویز کرتے ہیں؟

٭ میں اپنی علامات کو کم کرنے یا مینج کرنے کے لیے کیا کر سکتا ہوں؟

٭ فالو اَپ کے لیے آپ کے پاس کتنی بار آنا پڑے گا؟

ڈاکٹر کے سوالات

٭ کیا آپ کی علامات، خاص طور پر دمہ سے متعلق علامات، وقت کے ساتھ بگڑ رہی ہیں؟

٭ کیا آپ کو سانس لینے میں دقت ہوتی ہے؟

٭ کیا آپ کو سائی نس  کے مسائل ہیں؟

٭ کیا آپ کو معدے کے مسائل مثلاً متلی، الٹی یا موش کا سامنا ہوا ہے؟

٭ کیا آپ کو بازو یا ٹانگ کے سن ہونے، درد یا کمزوری کی شکایت ہوئی ہے؟

٭ کیا آپ کا وزن بغیر کسی کوشش کے کم ہوا ہے؟

٭ کیا آپ کو پہلے سے کوئی اور طبی حالت، جیسے الرجی یا دمہ ہے؟ اگر ہاں، تو کب سے؟

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

کینسر کا جدید علاج 99 فیصد کینسر زدہ خلیے ختم کرنے میں کامیاب

Read Next

لاہور سمارٹ سٹی میں سعودی-جرمن ہسپتال کا سنگ بنیاد

Leave a Reply

Most Popular