پنجاب حکومت نے چین سے کینسر کے علاج کی جدید مشینری لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ذریعے بغیر سرجری اور کیموتھراپی کے علاج ممکن ہو سکے گا۔ اس پر اتفاق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور "ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجیز” کے صدر ڈاکٹر لیو فولیانگ کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ یہ کمپنی کینسر کے جدید علاج اور مشینری میں بین الاقوامی شہرت رکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ کو انٹروینشنل آنکولوجی کے علاج اور آلات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس میں ٹیومر کو منجمد کرنے اور حرارت سے علاج کے طریقے شامل تھے۔ انہیں بتایا گیا کہ اس طریقے سے اب تک کینسر کے 10,000 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اسے چین کے 25 صوبوں کے 100 سے زائد ہسپتالوں میں رائج کیا گیا ہے۔
چین سے کینسر کے علاج کی جدید مشینری سے نوازشریف کینسر ہسپتال کے مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجی کے حکام نے اس ضمن میں پیشہ ورانہ تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔