Vinkmag ad

جلد کی کیمیائی صفائی

A woman receiving a chemical peel treatment for smoother, glowing, and rejuvenated skin at a dermatology clinic

جلد کی کیمیائی صفائی (chemical peel) ایک ایسا پروسیجر ہے جس میں جلد کی اوپر والی تہہ ہٹانے کے لیے کیمیائی محلول استعمال کیا جاتا ہے۔ پرانی جلد ہٹنے کے بعد نئی نشوونما پانے والی جلد زیادہ ہموار ہوتی ہے۔ ہلکی یا درمیانی صفائی کی صورت میں مطلوبہ نتائج کے لیے پروسیجر بار بار کرانا پڑ سکتا ہے۔

یہ پروسیجر عموماً چہرے کی جھریوں، جلد کی رنگت میں بے ترتیبی اور داغ دور کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اسے اکیلے یا دیگر کاسمیٹک سرجریز کے ساتھ بھی کیا جا سکتا ہے۔ جلد کی صفائی ہلکی یا گہری ہو سکتی ہے۔ گہری کیمیائی صفائی زیادہ بہتر نتائج دیتی ہے، تاہم صحت یابی میں وقت زیادہ لگتا ہے۔

کیوں کیا جاتا ہے

کیمیائی صفائی کا مقصد جلد کی سطح کو بہتر کرنا ہے۔ مسئلے کی نوعیت کے مطابق صفائی تین قسم کی ہو سکتی ہے:

ہلکی کیمیائی صفائی

اس میں صرف جلد کی اوپری تہہ ہٹائی جاتی ہے۔ صفائی کی یہ قسم باریک جھریوں، ایکنی، جلد کی غیر یکساں رنگت اور جلد کی خشکی کے لیے مفید ہے۔ اس پروسیجر کو ہر دو سے پانچ ہفتے بعد دہرانا پڑ سکتا ہے۔

درمیانی کیمیائی صفائی

اوپر والی اور درمیانی تہہ کے اوپری حصے سے سکن سیلز ہٹائے جاتے ہیں۔ یہ جھریوں، داغوں اور غیر یکساں رنگت کے لیے کی جاتی ہے۔ مطلوبہ نتیجہ حاصل کرنے کے لیے پروسیجر دہرانا پڑ سکتا ہے۔

گہری کیمیائی صفائی

اس میں جلد کے مزید اندرونی خلیے ہٹائے جاتے ہیں۔ گہری جھریوں، داغوں یا قبل از کینسر نشوونما کے لیے کی جاتی ہے۔ اسے بالعموم دہرانے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ جلد کی کیمیائی صفائی گہری جھریوں کو مکمل طور پر نہیں ہٹا سکتی، اور نہ ہی ڈھیلی جلد کو ٹائٹ کر سکتی ہے۔

 خطرات

جلد کی کیمیائی صفائی کے ممکنہ ضمنی اثرات یہ ہو سکتے ہیں:

جلد کی سرخی یا سوجن

ہلکی صفائی کے بعد جلد پر معمولی سرخی، درمیانی یا گہری صفائی کے بعد کئی ماہ تک سرخی رہ سکتی ہے۔

داغ

کم ہی صورتوں میں، لیکن داغ بن سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہو تو اینٹی بائیوٹک یا سٹیرائیڈ مرہم سے داغ ہلکے کیے جا سکتے ہیں۔

رنگت میں تبدیلی

اس پروسیجر سے جلد زیادہ گہری (ہائپر پگمینٹیشن) یا ہلکی (ہائپو پگمینٹیشن) ہو سکتی ہے۔ ہائپر پگمینٹیشن زیادہ ہلکی صفائی کے بعد، اور ہائپو پگمینٹیشن زیادہ گہری صفائی کے بعد عام ہے۔ یہ مسئلہ بھوری یا سیاہ جلد والے افراد میں زیادہ ہے، اور بعض اوقات مستقل ہو سکتا ہے۔

انفیکشن

بیکٹیریل، فنگل یا وائرل انفیکشن ہو سکتا ہے، جیسے ہرپس وائرس دوبارہ فعال ہو جانا۔

دل، گردے یا جگر کو نقصان

گہری صفائی میں کاربالک ایسڈ (فینول) استعمال ہوتا ہے، جو دل، گردے اور جگر کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے پروسیجر 10 سے 20 منٹ کے وقفوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

غیر موزوں افراد

کچھ لوگ اس پروسیجر کے لیے موزوں نہیں ہیں:

٭ جنہوں نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران آئسوٹریٹینائن (isotretinoin) استعمال کیا ہو۔ یہ ایک طاقتور دوا ہے جو ایکنی کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

٭ کلوئیڈ داغوں کی میڈیکل ہسٹری رکھنے والے

٭ حاملہ خواتین

٭ بار بار یا شدید کولڈ سورز (Cold Sores) والے افراد۔ کولڈ سورز چھوٹے، درد انگیز چھالے ہیں جو عام طور پر ہونٹوں یا ان کے گرد ظاہر ہوتے ہیں۔

تیاری کیسے کریں

کیمیائی صفائی کے لیے ایسے ڈاکٹر کا انتخاب کریں جو جلد اور اس پروسیجر کا ماہر ہو، جیسے ڈرماٹولوجسٹ یا ڈرماٹولوجک سرجن۔ کیمیائی صفائی کے نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔ اس کا زیادہ تر انحصار پروسیجر کرنے والے شخص کی مہارت پر ہوتا ہے۔ غلط طریقے سے کی جانے والی صفائی سے پیچیدگیاں، انفیکشن یا مستقل نشانات ہو سکتے ہیں۔

پروسیجر سے پہلے، آپ کا ڈاکٹر ممکنہ طور پر یہ اقدامات کرے گا:

میڈیکل ہسٹری کا جائزہ

آپ سے موجودہ اور سابقہ بیماریوں، دواوں، اور کاسمیٹک پروسیجر کے بارے میں سوالات کیے جائیں گے۔

جسمانی معائنہ

ڈاکٹر آپ کی جلد اور اس کے متعلقہ ایریا کا معائنہ کریں گے تاکہ یہ طے کریں کہ کون سی قسم کی صفائی زیادہ فائدہ مند ہوگی۔ آپ کی جلد کی خصوصیات (رنگت اور موٹائی) نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

متوقع نتائج پر بات چیت

اپنے مقاصد، توقعات اور ممکنہ خطرات کے بارے میں ڈاکٹر سے بات کریں۔ یہ سمجھ لیں کہ کتنی بار علاج کی ضرورت پڑ سکتی ہے، صحت یابی میں کتنا وقت لگے گا، اور نتائج کیسے ہوں گے۔

اضافی اقدامات

پروسیجر سے پہلے آپ کو یہ بھی کرنا پڑ سکتا ہے:

اینٹی وائرل دوا لینا

انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کے لیے علاج سے پہلے اور بعد میں اینٹی وائرل دوا دی جا سکتی ہے۔

ریٹینوئڈ کریم کا استعمال

علاج سے چند ہفتے پہلے ریٹینوئڈ کریم لگانے کی ہدایت کی جا سکتی ہے تاکہ جلد بہتر طریقے سے ٹھیک ہو سکے۔

بلیچنگ ایجنٹ کا استعمال

ممکن ہے کہ ہائیڈروکینون یا ریٹینوئڈ کریم لگانے کی ہدایت کی جائے تاکہ ضمنی اثرات کا خطرہ کم ہو۔

دھوپ سے بچیں

زیادہ دھوپ میں رہنا علاج سے پہلے رنگت کے مستقل مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر سے دھوپ سے بچاؤ کے مناسب اقدامات پر بات کریں۔

کاسمیٹکس اور بال ہٹانا

صفائی سے تقریباً ایک ہفتہ پہلے الیکٹرو لائسز، ڈیپیلیٹریز، بالوں کا رنگ، پرمنینٹ ویو یا ہیر سٹریٹننگ، فیشل ماسک یا سکرب استعمال نہ کریں۔ علاج کے 24 گھنٹے پہلے ان ایریازمیں شیو نہ کریں۔

گھر جانے کا انتظام

اگر آپ کو پروسیجر کے دوران سکون آور دوا دی گئی ہو تو اپنے ساتھ گھر جانے کے لیے کسی کا قبل از وقت انتظام کرلیں۔

آپ کی توقعات

پروسیجر سے پہلے

کیمیائی صفائی عام طور پر کسی کلینک یا آؤٹ پیشنٹ سرجیکل سہولت میں کی جاتی ہے۔

٭ پروسیجر سے پہلے ڈاکٹر آپ کے چہرے کو صاف کریں گے، بالوں کو محفوظ کریں گے، اور آنکھوں کو مرہم، گاز، ٹیپ یا چشموں سے ڈھانپیں گے

٭ ہلکی کیمیائی صفائی کے لیے عام طور پر درد کم کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی

٭ اگر درمیانی صفائی کی جا رہی ہو تو آپ کو سکون آور اور درد کم کرنے والی دوا دی جا سکتی ہے

٭ گہری صفائی کے لیے، آپ کو سکون آور، متاثرہ حصے کو سن کرنے والی دوا اور ورید کے ذریعے مائع دیا جا سکتا ہے۔

پروسییجر کے دوران

ہلکی صفائی

آپ کے ڈاکٹر برش، کاٹن بال، گاز یا اسفنج سے کیمیائی محلول لگائیں گے۔ اس سے متاثرہ جلد سفید ہونے لگے گی۔ محلول لگے رہنے کے دوران ہلکی چبھن محسوس ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر محلول کو جلد سے ہٹانے کے لیے نیوٹرلائزنگ محلول استعمال کریں گے، یا اسے دھوئیں گے۔

درمیانی صفائی

ڈاکٹر کاٹن ٹپ یا گاز سے ٹرائیکلورو سیٹک ایسڈ پر مشتمل کیمیائی محلول لگائیں گے۔ کبھی کبھار اسے گلیکولک ایسڈ کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے متاثرہ جلد سفید ہونے لگے گی۔

چند منٹ بعد، ڈاکٹر ٹھنڈی کمپریس یا ہینڈ ہیلڈ فین سے جلد کو سکون پہنچائیں گے۔ نیوٹرلائزنگ محلول کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ کو 20 منٹ تک چبھن اور جلن محسوس ہو سکتی ہے۔

گہری صفائی

آپ کو آئی وی کے ذریعے مائع دیا جائے گا، اور دل کی دھڑکن کو قریب سے مانیٹر کیا جائے گا۔ ڈاکٹر ایک کاٹن ٹپ والے اپلیکٹر سے کاربولک ایسڈ (فینول) جلد پر لگائیں گے۔ متاثرہ جلد سفید یا سرمئی ہونے لگے گی۔

فینول کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے، ڈاکٹر یہ عمل مختلف حصوں پر تقریباً 15 منٹ کے وقفوں سے کریں گے۔ مکمل چہرے کی صفائی تقریباً 90 منٹ لے سکتی ہے۔

پروسیجر کے بعد

گہری صفائی

کسی بھی گہرائی کی کیمیائی صفائی کے بعد، آپ کی جلد سرخ، کھچاؤ والی، جلن یا سوجن والی ہو سکتی ہے۔ اپنے ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق دھوپ سے بچیں، صفائی، اور حفاظتی مرہم لگانے کا خیال رکھیں۔ جلد کو چھیلنے، رگڑنے یا خراش دینے سے گریز کریں۔ جلد کا رنگ معمول پر آنے میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔

ہلکی صفائی

ہلکی کیمیائی صفائی کے بعد متاثرہ جلد سرخ، خشک اور ہلکی جلن والی ہو سکتی ہے۔ ہر بار علاج کے ساتھ یہ اثرات کم محسوس ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر جلد پر حفاظتی مرہم، یا پیٹرولیم جیلی وغیرہ لگا سکتے ہیں۔ عام طور پر آپ اگلے دن میک اپ بھی کر سکتی ہیں۔

ہلکی صفائی کے بعد فرد ایک سے سات دن میں صحتیاب ہو جاتا ہے۔ نئی جلد عارضی طور پر عام رنگ سے ہلکی یا گہری ہو سکتی ہے۔

درمیانی صفائی

درمیانی کیمیائی صفائی کے بعد متاثرہ جلد سرخ اور سوجن والی ہو گی۔ اس میں جھنجھناہٹ محسوس ہو سکتی ہے۔ اسے خشک ہونے سے بچانے کے لیے ڈاکٹر حفاظتی مرہم لگا سکتے ہیں۔

پانچ سے سات دن بعد آپ جلد کی سرخی چھپانے کے لیے کاسمیٹکس استعمال کر سکتے ہیں۔ آرام کے لیے برف کے پیک استعمال کریں۔ درد کم کرنے کے لیے اوور دی کاؤنٹر ادویات مددگار ہو سکتی ہیں۔

جلد کی صحتیابی کی نگرانی کے لیے آپ کا ڈاکٹر علاج کے فوراً بعد چیک اپ تجویز کریں گے۔ سوجن کم ہونے کے ساتھ، متاثرہ جلد پر پرت بننے لگے گی۔ یہ گہری یا بھوری دھبوں والی ہو سکتی ہے۔

درمیانی کیمیائی صفائی کے بعد متاثرہ جلد سات سے چودہ دن میں ٹھیک ہو جاتی ہے۔ البتہ سرخی کئی مہینوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔

گہری صفائی

گہری کیمیائی صفائی کے بعد جلد سرخ اور سوجن والی ہو گی۔ آپ کو جلن اور درد محسوس ہو سکتا ہے، اور سوجن پلکوں کو بند کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر متاثرہ جلد پر سرجیکل ڈریسنگ لگائیں گے اور درد کم کرنے کی دوائیں بھی دے سکتے ہیں۔ تقریباً دو ہفتے تک دن میں کئی بار متاثرہ جلد کو گیلا کر کے مرہم لگانا ضروری ہو گا۔

گہری صفائی کے بعد، متاثرہ ایریا میں نئی جلد تقریباً دو ہفتے میں نمو پا لے گی، اگرچہ سرخی کئی مہینوں تک رہ سکتی ہے۔ متاثرہ جلد عام رنگ سے ہلکی یا گہری ہو سکتی ہے۔

آپ علاج کے بعد گھر پر آرام کریں۔ صحت یابی کی نگرانی کے لیے کئی فالو اپ وزٹس کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ تقریباً دو ہفتے بعد جب نئی جلد مکمل طور پر متاثرہ ایریا کو ڈھانپ لے، تو آپ سرخی چھپانے کے لیے کاسمیٹکس استعمال کر سکتے ہیں۔ ہر روز سن سکرین لگانا ضروری ہے۔

نتائج

ہلکی کیمیائی صفائی جلد کی ساخت اور رنگت کو بہتر بناتی ہے اور باریک جھریوں کو کم کرتی ہے۔ نتائج بار بار علاج سے بہتر ہوتے ہیں۔

درمیانی کیمیائی صفائی کے بعد جلد نمایاں طور پر ہموار ہو جاتی ہے۔ گہری کیمیائی صفائی کے بعد متاثرہ جلد میں زبردست بہتری دیکھنے کو ملتی ہے۔ نتائج ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے۔ عمر بڑھنے، اور سورج کی نقصان دہ شعاعیں نئی جھریاں بننے اور رنگت میں تبدیلیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

تمام طرح کی کیمیائی صفائی کے بعد نئی جلد عارضی طور پر سورج کی روشنی کے لیے حساس ہوتی ہے۔ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں کہ آپ کو دھوپ سے کتنے عرصے تک اپنی جلد کی حفاظت کرنی چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

امریکہ میں جانور کے گردے کے ساتھ 271 دن، نیا طبی سنگ میل

Read Next

Breast cancer signs

Leave a Reply

Most Popular