تازہ ترین: موسم تبدیل ہو رہا ہے اور ماحول میں خنکی بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف بدلتا موسم تیزی سے پھیلتے وائرل انفیکشنز کا بھی سبب بن رہا ہے۔ مزید براۤن کراچی میں بخار کی مختلف اقسام بھی تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں وائرل انفیکشنز کے روزانہ تقریباً اڑھائی سو کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
مختلف اقسام کے بخار کا سبب مختلف طرح کے مچھروں کی بہتات ہے۔ یہ مچھر ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا کا سبب بن رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ایک دن میں ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا کی علامات کے ساتھ 50 سے زائد مریض آرہے ہیں۔
رواں سال کراچی میں ڈینگی کے ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایک شخص کا اس کی وجہ سے انتقال بھی ہو چکا ہے۔ شہر میں ملیریا کے ڈیڑھ ہزار جبکہ چکن گونیا کے ڈیڑھ سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق بدلتا موسم خصوصی احتیاطوں کا متقاضی ہے۔ ضروری ہے کہ مچھر مار سپرے مہم میں تیزی لائی جائے۔ لوگوں کو چاہیے کہ ڈینگی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں ۔ اس کے علاوہ انفرادی سطح پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ باہر نکلتے وقت ماسک استعمال کریں اور اپنے ارد گرد صفائی کا خاص خیال رکھیں۔