شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں ”سروائیکل کینسر سے پاک پاکستان” کے عنوان سے ایک ورکشاپ منعقد ہوئی۔ اس کا اہتمام شفا انٹرنیشنل اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (ایف ڈی آئی) نے مشترکہ طور پر کیا۔
ورکشاپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین شریک ہوئے۔ ان میں امراضِ نسواں، بچوں کے امراض، متعدی امراض اور شعبہ تحقیق کے ماہرین شامل تھے۔ عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف، گیوی، گیٹس فاؤنڈیشن، ضلعی محکمہ صحت اسلام آباد، اور ای پی آئی ٹیم کے نمائندے بھی اس میں موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی آئی ڈاکٹر صوفیہ یونس نے اس مہم میں عوامی شمولیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں شفا انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہا۔ ان کے مطابق سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت مؤثر نتائج لا سکتی ہے۔
شفا انٹرنیشنل کے سی ای او ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے کہا کہ ہسپتال سروائیکل کینسر سے پاک پاکستان کے مشن میں قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ ماہر امراض نسواں ڈاکٹر شازیہ فخر اور ماہر متعدی امراض ڈاکٹر اعجاز خان نے ایچ پی وی ویکسین کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر ژیا وی(Dr. Xia Wei) نے تکنیکی مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
ماہرین نے اس ورکشاپ کو سرکاری اور نجی شراکت داری کی عمدہ مثال قرار دیا۔