ضلع راولپنڈی میں بچوں کی ویکسینیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی۔ اس دوران دو سے پانچ سال کے ان بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے جو پچھلی مہم میں رہ گئے تھے۔ یہ ویکسین 12 مہلک بیماریوں سے بچاتی ہے۔ ان میں ڈپتھیریا، نمونیا، میننجائٹس، اسہال، پولیو، تپ دق، روبیلا، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس بی، خناق، کالی کھانسی اور تشنج شامل ہیں۔
فیلڈ اسٹاف کی کمی کے باعث کئی بچے ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے۔ اس لیے راولپنڈی میں بچوں کی ویکسینیشن کے لیے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر وقار چیمہ، ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی نے کیا۔
تقریب میں ڈبلیو ایچ او کی ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شمائلہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے پبلک ہیلتھ کے تحفظ کے لیے کمیونٹی کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کےمطابق اس مہم کے ذریعے ہزاروں بچوں تک پہنچنے کی امید ہے۔ موبائل ویکسینیشن ٹیموں کو دور دراز علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ حکام نے والدین پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور بچوں کو ان بیماریوں سے بچائیں۔ انہوں نے تسلسل کے ساتھ ویکسینیشن جاری رکھنے پر بھی زور دیا تاکہ نئی نسل کی صحت اور بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔