دہی کے بعض ڈبوں پر کچھ طبی فوائد کے دعوے لکھے ملتے ہیں۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ دہی ذیابیطس کا خطرہ کم کرتا ہے۔ کیا یہ دعویٰ واقعتاً سچائی پر مبنی ہے؟
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نامی امریکی ادارہ خوراک اور ادویات کی کوالٹی پر نظر رکھتا ہے۔ اس کی طرف سے منظوری کو دنیا کے بیشتر ممالک میں بطور معیار تسلیم کیا جاتا ہے۔
‘ڈینن نارتھ امریکہ” دہی بنانے والی ایک فرانسیسی کمپنی کی امریکی برانچ ہے۔ کمپنی نے 2018 میں ایف ڈی اے کو درخواست دی کہ اسے اپنی پراڈکٹ پر ‘کوالیفائیڈ ہیلتھ کلیم’ کا لیبل لگانے کی کلیئرینس دی جائے۔ اس اصطلاح کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ مضبوط سائنسی ثبوت نہیں، تاہم پراڈکٹ کسی حد تک یہ دعویٰ کر سکتی ہے۔
ایف ڈی اے نے مارچ 2024 میں کمپنی کو یہ لیبل لگانے کی اجازت دی۔ ادارے کے مطابق اگرچہ کمپنی کا دعویٰ محدود شواہد پر مبنی ہے تاہم وہ ایسا کہہ سکتی ہے۔ ایف ڈی اے کسی حد تک اس بات کی حمایت کرتا ہے کہ ہفتے میں دو کپ دہی کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔