Vinkmag ad

چھاتی پر خارش یا جلدی دانے

Woman's chest with visible rash and redness on the skin

طبّی اصطلاح میں ریش (rash)  سے مراد صرف خارش نہیں بلکہ جلد پر دانے، سرخی یا دھبے بھی ہوتے ہیں۔ چھاتی پر خارش یا جلدی دانے (Breast rash) اس حالت کو کہا جاتا ہے جس میں جلد کا رنگ یا ساخت بدل جائے۔ یہ تبدیلی جلن، خارش یا کسی بیماری کی وجہ سے سامنے آ سکتی ہے۔ اس دوران جلد پر خارش، کھردرا پن، درد یا چھالے بن سکتے ہیں۔

وجوہات

کچھ خارشیں پورے جسم کی بجائے صرف چھاتی پر ظاہر ہوتی ہیں۔ زیادہ تر صورتوں میں اس کی وجوہات وہی ہوتی ہیں جو جسم کے دیگر حصوں پر خارش کی ہوتی ہیں۔

صرف چھاتی پر خارش

صرف چھاتی پر خارش کا سبب بننے والی وجوہات یہ ہیں:

٭ چھاتی کا پھوڑا (Breast abscess)

٭ سوزش والی چھاتی کا سرطان (Inflammatory breast cancer)

٭ میمری ڈکٹ ایکٹیشیا  (Mammary duct ectasia)

٭ چھاتی کے ٹشو کا انفیکشن (Mastitis)

٭ نپل ڈرماٹائٹس (Nipple dermatitis)

٭ پیجیٹ کی بیماری (Paget’s disease of the breast)

سارے جسم پر خارش

چھاتی سمیت جسم کے دیگر حصوں پر خارش کا باعث بننےوالی وجوہات یہ ہیں:

٭ ایٹوپک ڈرماٹائٹس (eczema)

٭ کینڈی ڈایاسس (Candidiasis)، خاص طور پر چھاتی کے نیچے

٭ جلد کا انفیکشن (Cellulitis)

٭ ڈرماٹائٹس (Dermatitis)

٭ چھپاکی اور انجیو ایڈیما (Hives and angioedema)

٭ سورائسس (Psoriasis)

٭ خارش کی بیماری (Scabies)

٭ سیبورک ڈرماٹائٹس (Seborrheic dermatitis)

٭ شنگلز (Shingles)

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

چھاتی پر خارش بالعموم ہنگامی صورتحال نہیں ہوتی۔ لیکن اگر گھریلو تدابیر سے افاقہ نہ ہو یا درج ذیل علامات بھی ہوں تو ڈاکٹر سے وقت ضرور لیں:

٭ بخار

٭ شدید درد

٭ ایسے زخم جو بھر نہ رہے ہوں

٭ خارش والے حصے سے نکلنے والی لمبی لکیریں یا دھاریاں

٭ خارش والی جگہ سے پیپ جیسا پیلا یا سبز مادہ خارج ہونا

٭ جلد کا اترنا

٭ چھاتی کے سرطان کی میڈیکل ہسٹری

فوری طبی امداد کی ضرورت

فوری طبی امداد کی ضرورت اس صورت میں ہے جب خارش کے ساتھ:

٭ سانس لینے میں دشواری، سینے میں جکڑن یا گلے میں سوجن ہو

٭ علامات تیزی سے بڑھتی جائیں

سیلف کیئر

اس دوران درج ذیل اقدامات علامات کو کم کر سکتے ہیں:

٭ ٹھنڈے پانی سے نہائیں یا خارش والی جگہ پر چند منٹ کے لیے ٹھنڈا گیلا کپڑا رکھیں۔ دن میں کئی بار ایسا کریں

٭ شاور میں ہلکے صابن کا استعمال کریں اور نہانے کے بعد خوشبو سے پاک موئسچرائزنگ کریم لگائیں۔ جلد ہلکی نم ہو تو یہ زیادہ مؤثر ہے۔ خوشبو والے صابن، کریم یا باڈی واش استعمال نہ کریں

٭ جلد کا خیال رکھیں اور خارش نہ کریں

٭ کیا آپ نے نیا صابن استعمال کیا ہے؟ کیا آپ نے کھردرے کپڑے پہنے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو فوراً ان چیزوں کا استعمال ترک کریں۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

ملک کی 38 فیصد آبادی ذہنی بیماریوں سے دوچار

Read Next

سروائیکل کینسر سے بچاؤ: پاکستان کو ویکسین کی فراہمی شروع

Leave a Reply

Most Popular