Vinkmag ad

اپھارہ

اپھارہ-شفانیوز

اپھارے یا گیس کی شکایت کو لوگ مختلف انداز میں بیان کرتے ہیں۔ کچھ کے مطابق ان کا پیٹ پھولا ہوا رہتا ہے اور کچھ اسے ایک گولے سے تشبیہہ دیتے ہیں جو ان کے پیٹ میں مسلسل پھرتا رہتا ہے۔ کوئی زیادہ ریح خارج ہونے اور بار بار ڈکار آنے کی شکایت کرتا ہے تو کسی کو اس کیفیت میں گیس سر کو چڑھتی محسوس ہوتی ہے۔ اپھارہ اصل میں ہے کیا، اس کی علامات اور وجوہات کیا ہیں اور اس سے بچاؤ کے ممکنہ طریقے کیا ہو سکتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں۔

اپھارہ کیا ہے

شفا انٹرنیشنل ہسپتال فیصل آباد میں امراض معدہ و جگر کے ڈاکٹر شاہد رسول نے شفانیوز کو بتایا کہ معدے میں زیادہ گیس بھر جانے کو اپھارہ کہتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ معدے کے فعال انداز میں کام نہ کرنے اور خوراک کو مکمل ہضم نہ کرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کیفیت ہے۔ اس سے معدہ بنا کچھ کھائے پیے بھرا بھرا محسوس ہوتا ہے۔ اس کی دیگر علامات یہ ہیں:

٭ ڈکار آنا

٭ ریح خارج ہونا

٭ پیٹ میں درد

٭ پیٹ پھولنا

گیس کیسے بنتی ہے

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ گیس آتی کہاں سے ہے؟ کیا یہ پہلے سے معدے میں موجود ہوتی ہے یا ہاضمے کے دوران بنتی ہے۔ شفا انٹر نیشنل اسلام آباد کی گیسٹرو انٹرالوجسٹ ڈاکٹر فرزانہ شفقت کہتی ہیں کہ اس کی پہلی وجہ خوراک کے ساتھ نگلی جانے والی ہوا ہے۔ جلدی جلدی کھانے، ببل گم چبانے، سوڈا مشروبات کے استعمال یا کھانے کے دوران باتیں کرنے سے ہوا پیٹ میں چلی جاتی ہے۔

ڈاکٹر شاہد رسول کہتے ہیں کہ گیس کھانا ہضم ہونے کے عمل میں یا غیر ہضم شدہ خوراک کی بڑی آنت میں موجودگی سے بھی پیدا ہوتی ہے۔ یہاں پائے جانے والے بیکٹیریا جب کاربوہائیڈریٹس کو ہضم کرتے ہیں تو کاربن اور میتھین بنتی ہے۔ اس کا ایک اور ذریعہ وہ گیس ہے جو خون سے خارج ہو کر ہمارے اعضاء میں چلی جاتی ہے۔

گیس ٹربل کے اسباب

شفا انٹر نیشنل اسلام آباد کے گیسٹرو انٹرالوجسٹ ڈاکٹر ندیم اقبال کہتے ہیں کہ ایک صحت مند شخص کے جسم میں روزانہ 150 سے 500 ملی لیٹر گیس پیدا ہوتی ہے۔ یہ ڈکار یا ریح کی صورت میں جسم سے خارج ہو جاتی ہے۔ مسائل تب جنم لیتے ہیں جب یہ گیس زیادہ بنے یا اس کے خارج ہونے میں رکاوٹ ہو۔ اس سے کچھ مسائل پیدا ہوتے ہیں جو اپھارے یا پیٹ میں درد کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔

کھانے کے فوراً بعد لیٹنے، زیادہ دیر ایک ہی جگہ بیٹھنے سے بھی گیس نظام انہضام سے متعلق مختلف اعضاء میں قید ہو جاتی ہے۔ کچھ مریضوں کا پیٹ پھولنے کی وجہ اس میں پایا جانے والا پانی (Ascites) ہے۔ پیٹ میں درد، الٹیاں، سوجن اور متلی اس کی علامات ہیں۔

ادویات

کچھ ادویات کے ضمنی اثرات میں پیٹ میں سوجن اور اپھارہ شامل ہیں۔ بعض لوگ پٹھوں کو ریلیکس رکھنے کی ادویات لے رہے ہوتے ہیں جس سے باقی پٹھوں کے ساتھ پیٹ کے پٹھے بھی پر سکون ہو جاتے ہیں۔ نتیجتاً کھانا ہضم ہونے کا نظام سست پڑ جاتا ہے اور گیس کی شکایت ہوتی ہے۔ اپھارا بعض اوقات کسی بڑی بیماری مثلاً بڑی آنت یا یوٹرس کے کینسر کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

امراض

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈاکٹر ندیم اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ امراض کی وجہ سے بھی پیٹ پھولتا ہے۔ ان میں ذیابیطس سر فہرست ہے۔ اس مرض میں پیٹ اور آنتوں کے پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں۔ اس وجہ سے کھانا پوری طرح ہضم نہیں ہوتا اور زیادہ دیر تک معدے میں پڑا رہتا ہے۔ دودھ، گندم سے الرجی، قبض، السر اور بڑی یا چھوٹی آنت کے انفیکشنز بھی اس کے اسباب میں شامل ہیں۔

خوراک

شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی ماہر غذائیات ڈاکٹر ریزان خان کے مطابق کچھ کھانے بھی اپھارے کا سبب بن سکتے ہیں۔ مثلاً پھلیاں، ہری دالیں، گوبھی، زیادہ نمک والے کھانے، جنک فوڈ، بیکری کی اشیاء اور چائے کافی وغیرہ۔ پانی کی کمی بھی اس کا ایک سبب ہے۔

اپھارے کا علاج

پیٹ میں گیس کی موجودگی زیادہ تر صورتوں میں خطرناک ثابت نہیں ہوتی۔ یہ مسئلہ بالعموم غذا یا رہن سہن میں کچھ تبدیلیوں سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر ریزان کے مطابق اس کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں:

٭ کھانا آہستہ آہستہ اور چبا کر کھائیں۔

٭ بسیارخوری سے بچیں اور تھوڑی سی بھوک رکھ کرکھانا کھائیں۔

٭ کھانے کے آخر میں پانی نہ پیئیں۔

٭ غذا میں چینی کے زیادہ استعمال سے پرہیز کریں۔

٭ کھانے کے فوراً بعد لیٹنے سے اجتناب کریں۔

٭ زیادہ گیس پیدا کرنے والی غذاؤں سے گریز کریں۔

٭ کھانے کے بعد واک کریں۔ واک نہ کر سکیں تو لیٹتے ہوئے سر کو باقی جسم سے ذرا زیادہ اونچا رکھیں۔

٭ دودھ اور گندم سے الرجی کی صورت میں ان کی متبادل غذائیں استعمال کریں۔

٭ فائبر، میگنیشیم اور پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں کھائیں۔

خود علاجی سے بچیں

اپھارے سے نجات کے لیے مختلف قسم کی پھکیاں، گولیاں یا شربت تجویز کیے جاتے ہیں۔ چونکہ اپھارے کی ایک سے زیادہ وجوہات ہیں لہٰذا وجہ معلوم کیے بغیر ان کا ازخود استعمال نہ کریں۔

اپھارے کی وجوہات کا علاج کرنے سے یہ مسئلہ بالعموم حل ہو جاتا ہے۔ کسی خاص غذا سے الرجی بھی اپھارے کی وجہ ہو سکتی ہے۔ اس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کرائیں اور پھر اس غذا کے متبادل خوراک استعمال کریں۔ اس کے باوجود مسئلہ حل نہ ہو تو ٹوٹکوں پر وقت اور پیسہ ضائع نہ کریں۔ اس کے بجائے امراض معدہ کے ڈاکٹر سے رجوع کر کے باقاعدہ علاج کروائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

30 شہروں میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان کل بروز اتوار ہو گا

Read Next

اپھارے سے نجات دلانے والی غذائیں

Leave a Reply

Most Popular