ماہرین صحت کے مطابق صبح سویرے ورزش وزن اور چربی کم کرنے کے لیے سب سے مؤثر ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ خالی پیٹ ورزش سے چربی تیزی سے پگھلتی ہے اور وزن میں کمی آتی ہے۔ صبح کے وقت میٹابولزم فعال ہونے سے دن بھر کیلوریز جلنے کا عمل بہتر رہتا ہے۔
”فرنٹیئرز اِن فزیالوجی” میں شائع تحقیق کے مطابق صبح ورزش کرنے والوں میں پیٹ کی چربی اور بلڈ پریشر میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ شام کے وقت ورزش کرنے والوں میں پٹھوں کی کارکردگی اور برداشت میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ فرق جسم کے بائیولاجیکل کلاک اور ہارمونز کی تبدیلیوں سے وابستہ ہے۔
برٹش جرنل آف نیوٹریشن کی تحقیق کے مطابق ناشتے سے پہلے ورزش زیادہ مفید ہے۔ تحقیق میں شامل ایسے افراد میں 24 گھنٹوں میں زیادہ چربی کم ہوئی۔ صبح کے اوقات میں جسم میں گلائیکوجن کی سطح کم ہوتی ہے لہٰذا وہ چربی کو توانائی کے ذریعے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ یہ عمل وزن کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح کی ورزش وزن اور چربی کم کرنے میں بہترین نتائج دیتی ہے، مگر مستقل مزاجی سب سے اہم ہے۔ اس لیے دن کا وہ وقت منتخب کریں جو روزمرہ معمول میں آسانی سے برقرار رہے۔